پی ڈی ایم وحکومت کو قوم کیساتھ سنجیدہ ہونا چاہیے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

بدترین بدعنوانی کی وجہ سے بلوچستان میں مہنگائی ،بے روزگاری عروج پر پہنچ گئی ہے ،امیر جماعت اسلامی بلوچستان

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:17

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ پی ڈی ایم وحکومت کو قوم کیساتھ سنجیدہ ہونا چاہیے ۔بدترین بدعنوانی کی وجہ سے بلوچستان میں مہنگائی ،بے روزگاری عروج پر پہنچ گئی ہے جمہوریت کے نام پر قوم پر آئی ایم ایف ورلڈ بنک کے آمریت مسلط ہیں ۔حکومت غریب کم آمدنی والے افراد کو خصوصی ریلیف دیں یوٹیلٹی اسٹور زسمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں خصوصی کمی کریں ۔

حکومت کی نااہلی وناکامی کیساتھ اپوزیشن نے بھی قومی مسائل کے بجائے کوئی اور ایجنڈااپنایا ہے جس کی وجہ سے عوام حکومت واپوزیشن سے ناامید ہے ۔جماعت اسلامی عوام کے دلوں کی آوازبن گئی انشاء اللہ جماعت اسلامی ہی عوام کو مسائل کے گرداب سے نکال لیگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت کا اندرونی خلفشار ،وزیر اعظم کا غرور، بے تدبیریاں اوروزراء مشیروں کے اپنے اپنے مفادات کی غلط روش جمہوریت ، پارلیمانی نظام ، قومی سلامتی اور قومی وحدت کے لیے بہت خطرناک ہوگئی ہے ۔

عوامی مسائل خوفناک شکل اختیار کرگئے ہیں ۔ حکومت کوعوام کے مسائل حل کرنے سے کوئی سروکار نہیں ۔عوام کی تباہ حال صورتحال پر وفاق اور صوبائی حکومتیں جھوٹ اور فریب کا کھیل کھیل رہی ہیں ۔ پاکستان بحرانوں میں گھرا ہے عوام کے اعتماد کی بحالی قومی قیادت اور ریاستی اداروں کی گردن پر قرض ہے ۔بدقسمتی سے موجودہ حکومت مافیازکے نرغے میں ہے مہنگائی بدعنوانی انہیں مافیازکے شاخسانے ہیں جو ہر حکومت میں شامل ہوکر اپنی مفادات کیلئے مصروف عمل ہوتے ہیں حکمرانوں کو منصفانہ ،عادلانہ اسلامی نظام قائم کرکے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے جماعت اسلامی بدعنوانی کے خلاف ہر فورم پر جدوجہد کر رہی ہے ۔