پاکستان جنوبی افریقہ سیریز،انضمام الحق پی سی بی ڈیجیٹل پر دستیاب ہوں گے

دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ اور3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز چھبیس جنوری سے ہوگا

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:17

پاکستان جنوبی افریقہ سیریز،انضمام الحق پی سی بی ڈیجیٹل پر دستیاب ہوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین سیریز کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق بطور مہمان خصوصی پی سی بی ڈیجیٹل پر میچ رویوز اور اینالسز پیش کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ اور3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز چھبیس جنوری سے ہوگا۔دونوں ٹیموں کے مابین سال 2007 کے بعد پاکستانی سرزمین پر کھیلی جانے والی یہ پہلی سیریز ہے، پی سی بی نے سیریز کی وسیع ڈیجیٹل کوریج کی منصوبہ بندی کررکھی ہے اور اسی تناظر میں انضمام الحق بھی ڈیجٹل کوریج پلان کا حصہ ہیں۔

یہ پی سی بی کی اس حکمت عملی کے عین مطابق ہے کہ جس کے تحت پی سی بی شائقین کرکٹ کو ان کی دلچسپی اور خواہشات کے مطابق کھیل سے متعلق مواد فراہم کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران، شائقین کرکٹ کی سہولت کے لییتمام میچز کی بال ٹو بال کوریج پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ www.pcb.com.pk پردستیاب ہوگی، جہاں سیریز کے پری ویوز، ریویوز اور سیریز سے متعلق دیگر معلومات بھی موجود ہے۔

انٹرنیٹ صارفین چاہیں تو پی سی بی کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ @TheRealPCB_Live سے میچ کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہ سکتے ہیں ،تمام سیشنز کی جھلکیاں بھی پی سی بی کے پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوں گی۔کھیل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے اسٹار پرفارمرز ورچوئل میڈیا سیشنز میں شرکت کریں گے جبکہ دن بھر جاری رہنے والے کھیل کی مختلف جھلکیاں PCB Youtube Channel پر دستیاب ہوں گی۔

سیریز سے متعلق انضمام الحق کا پری ویو 24 جنوری اور میچ کا ریویو کراچی ٹیسٹ کے اختتام کے اگلے روز جاری کیا جائے گا۔انضمام الحق نے کہا کہ سال 2007 کے بعد یہ دونوں ٹیمو ں کے درمیان پاکستان میں کھیلی جانے والی پہلی سیریز ہے، وہ اس تاریخی سیریز کا حصہ بننے پر بہت خوش ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلاشبہ سیریز کانٹے دار ہوگی اور وہ اپنے تجزئیے، تجربیاور اینالسز سے پاکستان کرکٹ کے فینز کو محظوظ کریں گے۔

انضمام الحق کا کہناہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں حالیہ شکست کے باوجود وہ پاکستان کو اپنی ہوم کنڈیشنز پر ایک مشکل ٹیم سمجھتے ہیں، انہیں یقین ہے کہ کھلاڑی ہوم کنڈیشنز پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔انضمام الحق، ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 8829 رنز بنائے جبکہ یونس خان نے اپنے کیئرئیر میں 10،099 اور جاوید میانداد نے 8،832 رنز بنائے۔ مجموعی طور پرانضمام الحق نے 31 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی، انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف کٴْل 13 ٹیسٹ میچوں میں710 رنز بنائے۔