نیب سے پوچھتا ہوں کہ بڑے بڑے گھپلے کرنے والے منطقی انجام کو کیوں نہیں پہنچتے؟ اعظم سواتی

تین بار وزیراعظم بننے والا نواز شریف دھوکے باز نکلا،حکومت اور ایجنسیوں کو دھوکا دیکر نواز شریف لندن جا بیٹھے ، مفرور کی بیٹی پاکستان کی بھلائی کیسے کرے گی، وفاقی وزیر ریلوے

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 24 جنوری 2021 12:32

نیب سے پوچھتا ہوں کہ بڑے بڑے گھپلے کرنے والے منطقی انجام کو کیوں نہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری2021ء) وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ حکومت اور ایجنسیوں کو دھوکا دیکر نواز شریف لندن جا بیٹھے ہیں، ان کی بیٹی ملک کی کیا خدمت کرے گی ؟۔ نجی ٹی وی چینل سےگفتگو کرتے ہوئے اعظم خان سواتی کا کہنا تھا نیب سے پوچھتا ہوں کہ بڑے بڑے گھپلے کرنے والے منطقی انجام کو کیوں نہیں پہنچتے۔آخر ان لوگوں کو کیوں چھوڑ دیا جاتا ہے۔

انہوں نے ملک لوٹا ہے، ان کو کسی صورت نہیں چھوڑنا چاہیے ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ تین بار وزیراعظم بننے والا نواز شریف دھوکے باز نکلا، وہ حکومت اور ایجنسیوں کو دھوکا دے کر ہٹا کٹا لندن جا کر بیٹھ گیا ہے۔ حکومت اور ایجنسیوں کو دھوکا دیکر نواز شریف لندن جا بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالتی بھگوڑے اور سزا یافتہ مجرم کی بیٹی وطن کی کیا خدمت کرے گی۔

اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنی ڈوبی کشتی میں مولانا سمیت دیگر نوسر بازوں کو بھی ڈبو دیں گی، اگر پی ڈی ایم والے اسلام آباد آئے تو ان کا منہ کالا ہو گا۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کرپٹ باپ کا بیٹا بلاول پاکستان کی عزت کیا بحال کرے گا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) انکوائریز پر ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کو خلاف قانون قرار دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے اکاؤنٹ منجمد کرنے کیخلاف کیس کی سماعت کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا جس کے مطابق نیب کا انکوائری پر دفعہ 23 کے تحت اکاؤنٹ منجمد کرانا خلاف قانون قرار دیا گیا ہے ۔ بلال شیخ کی درخواست پر تفصیلی فیصلہ سناتے ہوئے عدالت کا کہنا تھا کہ نیب نے انکوائری پر اثاثے منجمد کرنا ہوں تو دفعہ 12 کے تحت آرڈر کرے، قانون کے مطابق نیب انکوائری یا انویسٹی گیشن جلد مکمل کرے ۔

نیب کی تفتیش میں وقت لگنے کی صورت میں سالوں تک محض الزام پر بینک اکاؤنٹس منجمد کرنا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب کی تاخیر کے باعث شہری کو اکاؤنٹ سے رقم نکالنے سے کیسے روکا جاسکتا ہے؟ گناہ گار کوسزا دینا ریاست کا کام ہے تو شہری کو اپنی رقم استعمال کا حق دینا بھی ضروری ہے۔