سینیئر لیگی رہنما نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا

بجلی کی اضافی صلاحیت ہے تونئے پلانٹس کیوں لگا رہے ہیں ؟،فرنس آئل منگوانے سے عوام کا بڑا نقصان ہو رہا ہے، مفتاح اسماعیل

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 24 جنوری 2021 14:29

سینیئر لیگی رہنما نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری2021ء) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کاکہناہے کہ ہم ایک ہزار36 ارب کا گردشی قرض چھوڑ کر گئے ،ایک ہزار36 ارب کا گردشی قرض 2400 ارب سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر ماہ 50 سے60 ارب روپے گردشی قرض میں اضافہ ہورہا ہے، حکومت نے ہر چیز کاالزام ن لیگ پر لگانے کے سواکچھ نہ کیا۔

سابق وزیرخزانہ نے کہاکہ بجلی کی اضافی صلاحیت ہے تونئے پلانٹس کیوں لگا رہے ہیں ؟،فرنس آئل منگوانے سے عوام کا بڑا نقصان ہو رہا ہے ان کو عوام کی فکر نہیں ہے ۔ ان سے اپیل ہے کہ ظلم نہ کریں ۔ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کرے، ورنہ پھر بجلی کی قیمتوں کیخلاف بھی صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپے 95 پیسے اضافہ کردیا تھا۔

اس حوالے سے وزیراعطم عمران خان کا کہنا تھا کہ مزید قرضوں سے بچنے کیلئے بجلی مہنگی کرنا پڑی، ماضی کے معاہدوں کے باعث بدقسمتی سے ہمیں بجلی کی قیمتیں بڑھانا پڑیں، عالمی منڈی میں جب تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہمیں بھی بڑھانا پڑتی ہیں، پٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے تو خزانے پربوجھ بڑھے گا، ماضی کے معاہدوں کے باعث جو بجلی نہیں بھی خریدتے اس کے بھی پیسے دینے پڑتے۔ پاکستان پرسارا مالی بوجھ گزشتہ حکومتوں نے چڑھایا ہوا ہے۔ بجلی بنانے اور فروخت میں 3روپے کا فرق ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ڈالر 107روپے سے 160پر گیا، روپیہ گرا جس کے نتیجے میں باہر سے آنے والی تمام اشیاء مہنگی ہوگئیں کیونکہ جب روپیہ گرنا تھا تو مہنگائی تو ہونی تھی۔