پنجاب حکومت نے 185 ارب روپے مالیت کی سرکاری زمینوں سے قبضہ چھڑوالیا

یہ آپریشن مستقبل میں بھی اسی طرح جاری رہے گا ، ریاست کو اپنی باندی سمجھنے اور ریاست کی ملکیت اثاثوں کو مالِ مفت کی طرح ہڑپ کرنے والوں کو حساب دینا پڑے گا ، وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا ٹوئٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 جنوری 2021 18:56

پنجاب حکومت نے 185 ارب روپے مالیت کی سرکاری زمینوں سے قبضہ چھڑوالیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری2021ء) پنجاب حکومت نے 185 ارب روپے مالیت کی سرکاری زمینوں سے قبضہ چھڑوالیا۔ تفصیلات کے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم پنجاب میں اب تک تقریباً 185 ارب روپے مالیت کی سرکاری زمینیں قبضہ مافیا سے چھڑوا کر قانونی کارروائی شروع کر چکے ہیں ، یہ آپریشن مستقبل میں بھی اسی طرح جاری رہے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ریاست کو اپنی باندی سمجھنے اور ریاست کی ملکیت اثاثوں کو مالِ مفت کی طرح ہڑپ کرنے والوں کو حساب دینا پڑے گا۔

واضح رہے کہ آج صبح لاہور انتظامیہ نے سرکاری زمین پر تعمیر غیرقانونی عمارت کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا ہے ، ایل ڈی اے کی جانب سے قبضہ کی گئی سرکاری زمین واگزار کروانے کے لیے اتوار کے روز ایک گرینڈ آپریشن کیا گیا ، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی کھوکھر پیلس کے اطراف موجود تھی ، کھوکھر برادران سے 38 کنال زمین واگزار کروا کر پنجاب حکومت کے حوالے کردی گئی ہے ، واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت سو ارب روپے ہے،کھوکھر برادران نے جعلسازی سے زمین پر قبضہ کیا تھا ۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے کھوکھر پیلس سے ملحقہ سیف مارکیٹ بھی مسمار کردیا جبکہ سیف الملوک کھوکھر کے برادر نسبتی کا گھر بھی گرا دیا گیا ہے جبکہ سیف الملوک کھوکھر کے بھانجے طاہر جاویدکے گھر کو بھی مسمار کردیا گیا ہے ، لاہور انتظامیہ کی جانب سے آپریشن ن لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر کے گھر کے اطراف کیا گیا ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے رات میں ہی کھوکھر پیلس کے اطراف کے راستے بند کر دیے تھے ، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کھوکھر برادران کو زمین چھوڑنے کے لئے نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے لیکن اس کے باوجود زمین خالی نہ کی گئی ، زمین خالی نہ کرنے پر عملدرآمد نہ کرنے پر آج گرینڈ آپریشن کیا گیا۔