بھارت ، 5 ماہ میں 31 بار کورونا کا شکار ہونے کے باوجود خاتون صحت مند

خاتون میں 24 اگست 2020 کو کورونا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد 31 بار ہونے والے ٹیسٹوں کے نتائج بھی مثبت آئے ، ماہرین صحت بھی حیران رہ گئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 جنوری 2021 20:38

بھارت ، 5 ماہ میں 31 بار کورونا کا شکار ہونے کے باوجود خاتون صحت مند
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری2021ء) بھارت میں 5 ماہ کے عرصے کے دوران 31 بار کورونا وائرس کا شکار ہونے والی خاتون عالمی وباء کے باوجود صحت مند زندگی گزارنے لگی ، ماہرین بھی حیران رہ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے علاقے راجستھان سے تعلق رکھنے والی خاتون کا 5 ماہ میں 31 بار کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ، 32 سالہ خاتون کا گزشتہ سال اگست سے مسلسل کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آرہا تھا ، اس دوران ان کے 14 بار آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے جب کہ 17 بار اینٹی جن ٹیسٹ بھی کروائے گئے جن سب میں کورونا وائرس مثبت آیا تاہم مسلسل کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باجوود اس خاتون میں موجود وائرس دوسروں کو متاثر نہیں کرسکا۔

بتایا گیا ہے کہ خاتون میں 24 اگست 2020 کو کورونا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد وقفے وقفے سے کچھ عرصے کے بعد 31 بار ہونے والے اس کے کورونا وائرس کے ٹیسٹوں کے نتائج بھی مثبت آئے ، تاہم اب اس میں کورونا کی کوئی علامت نہیں پائی جاتی۔

(جاری ہے)

خاتون کا علاج کرنے والے ڈاکٹر کپتان سنگھ نے کہا ہے کہ خاتون میں علامات نہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ٹیسٹ میں خاتون کی آنتوں اور جسم میں موجود غیر فعال وائرس کی شناخت ہورہی ہے۔

یہاں واضح رہے کہ بھارت دنیا میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثر ہونے کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے ، بھارت میں لوگوں میں مصنوعی طور پر کورونا وائرس کے خلاف قوتِ مداقعت پیدا کرنے کی دنیا کی سب سے بڑی مہم شروع کی گئی ، جس کا ہدف ایک اعشاریہ تین ارب لوگوں کو حفاظتی ٹیکے لگانا ہے ، اس سلسلے میں سب سے پہلے صفائی کرنے والے ایک مزدور کو کووڈ19 کے خلاف ویکسین لگائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مہم کا آغاز کیا ، جس کا ہدف ایک اعشاریہ تین ارب لوگوں کو حفاظتی ٹیکے لگانا ہے ، اس مہم کے آغاز سے قبل گذشتہ چند روز میں دو منظور شدہ ویکسینز، کووی شیلڈ اور کویکسن، کے لاکھوں ٹیکے ملک کے مختلف حصوں میں ارسال کیے گئے۔