اسرائیل نے متحدہ عرب امارات میں اپنا سفارت خانہ قائم کر دیا

ابوظبی میں قائم کیے گئے سفارت خانے کا عملہ ایتان نائخ کی قیادت میں پہنچ گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 25 جنوری 2021 11:01

اسرائیل نے متحدہ عرب امارات میں اپنا سفارت خانہ قائم کر دیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25جنوری2021ء) اسرائیل نے متحدہ عرب امارات میں اپنا سفارت خانہ کھول دیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس نے امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں اپنا سفارت خانہ قائم کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان چار ماہ قبل ایک تاریخی معاہدے کے نتیجے میں قائم ہونے والے خوشگوار تعلقات کے بعد امارات میں اسرائیل کا سفارت خانہ قائم کر دیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے ”آج کے روز ابوظبی میں اسرائیلی سفارت خانہ آفیشل طور پر قائم کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سفارت خانے کا عملہ ایتان نائیح کی قیادت میں پہنچ گیا ہے۔ “ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے ”متحدہ عرب امارات میں قائم اسرائیلی سفارت خانہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو تمام سطح پر بڑھانے کے لیے کام کرے گا۔

(جاری ہے)

“دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے اسرائیل میں سفارتخانہ بنانے کا اعلان کردیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کو تسلیم کرنے اور تعلقات بحال کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات نے اسرائیل میں سفاتخانہ بنانے کا اعلان کیا ہے ، اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے شہر تل ابیب میں سفارتخانہ بنانے کی منظوری دے دی ہے ، جس کا باقاعدہ اعلان یو اے ای حکومت کے سرکاری ٹوئٹر اکاونٹ سے کیا گیا۔

یہاں واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست کے مہینے میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے اسرائیل کو باقاعدہ تسلیم کیا گیا ، جس کے بعد پہلی مرتبہ اسرائیل اور کسی خلیجی ملک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہو گئے تھے ، اس سلسلے میں امریک کے تعاون سے طے پائے معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کیا ، جب کہ اس سلے پہلے متحدہ عرب امارات کے علاوہ 2 اسلامی مملک اردن اور مصر نے بھی اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کر رکھے تھے۔

متحدہ عرب امارات کے حکمراں محمد بن زاید کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ طے پائے امن معاہدے کی تصدیق کی گئی ، محمد بن زاید کی جانب سے کہا گیا کہ امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ مشترکہ ٹیلی فونک رابطے کے دوران اتفاق رائے سے طے پایا کہ اسرائیل فلسطین کے مزید علاقوں پر قبضے کا عمل روک دے گا ، دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔

جب کہ اس سے قبل امریکی صدر کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا ہے ، اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خصوصی ٹوئٹس کیے گئے ، اس وقت کے امریکی صدر کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹس میں اعلان کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا۔