دُنیا بھر کے مسلمانوں کو قبلہ کی درست سمت معلوم کرنے کا موقع مل گیا

جمعرات 28 فروری کو شام کے وقت چاند عین خانہ کعبہ کے اُوپر ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 25 جنوری 2021 11:20

دُنیا بھر کے مسلمانوں کو قبلہ کی درست سمت معلوم کرنے کا موقع مل گیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25جنوری2021ء) دُنیا بھر کے مسلمان قبلہ رُو ہو کر نماز پڑھتے ہیں۔ تاہم خانہ کعبہ کی سمت کا درست زاویہ بہت سارے مسلمانوں کو معلوم نہیں ہو پاتا۔ اب پاکستان سمیت دُنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک بار پھر اچھا موقع میسر آ گیا ہے کہ وہ قبلہ کی درست سمت کا تعین کر سکیں۔آئندہ جمعرات 28 جنوری کو چاند بیت اللہ کے عین اوپر ہو گا۔

سال 2021ء میں پہلی بار ایسا ہوگا۔جدہ کی فلکیاتی علوم کی سوسائٹی کے ڈائریکٹر انجینئرماجدابو زاہرہ کے مطابق جمعرات کی شب 10:16 منٹ پر چاند عین بیت اللہ کے اوپر ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو سورج غروب ہونے کے ساتھ ہی چاند شمال مشرق کے شمالی اُفق سے طلوع ہو گا۔ اور بعد ازاں یہ شمال مغرب کے شمالی افق میں غروب ہو گا۔

(جاری ہے)

دنیا بھر کے مسلمان چاند کو دیکھ کر قبلے کی درست سمت کا تعین کر لیں۔

ماضی میں بھی دُور دراز کے علاقوں کے لوگ قبلہ رُخ کا تعین کرنے کے لیے یہی طریقہ اختیار کرتے تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال 8 نومبر کو سورج کے طلو ع ہونے سے قبل چاند کعبہ شریف کے عین اُوپرآ گیا تھا۔ سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 7 منٹ پر چاند کعبہ شریف کے عین اُوپر عمودی شکل میں تھا۔ جس سے دُنیا بھر کے لوگوں نے قبلہ کی درست سمت کا تعین کیا۔

یہ منظر فوٹوگرافروں کے لیے انتہائی کشش کا باعث تھا کیونکہ اس وقت چاند کا آدھا حصہ اندھیرے میں ڈُوبا ہوا تھا اور آدھا حصہ سورج کی روشنی سے چمک رہا تھا۔ چاند کا کعبہ شریف کے عین اُوپر آنے کا یہ گزشتہ برس کے دوران پانچواں اور آخری موقع تھا۔ اس سے قبل 14 ستمبر 2020ء کو بھی چاند چند گھنٹے کے لیے خانہ کعبہ کے عین اُوپر آ گیا تھا۔اس سے قبل 7 رمضان المبارک 30 اپریل کو بھی چاند خانہ کعبہ کے عین اُوپر عمودی رُخ میں آ گیا تھا۔ یہ نظارہ رات 11 بج کر 39 منٹ پر لاکھوں افراد نے دیکھا تھا۔ اور پھر اس سے بھی پہلے 6 مارچ 2020 کو چاند کعبہ شریف کے عین اُوپر آ گیا تھا۔اس وقت بھی لاکھوں افراد نے چھتوں پر چڑھ کر یہ نظارہ دیکھا تھا اوراپنی جائے نماز کا درست زاویہ رکھنے میں مدد حاصل کی تھی۔