لاہور ہائی کورٹ نے بچوں کی حوالگی کے معاملہ پربچوں کے باپ کے خلاف درج مقدمہ کے حوالے سے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی

پیر 25 جنوری 2021 14:30

لاہور ہائی کورٹ نے بچوں کی حوالگی کے معاملہ پربچوں کے باپ کے خلاف درج ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2021ء) لاہور ہائی کورٹ نے بچوں کی حوالگی کے معاملہ پر بچوں کے باپ کے خلاف درج مقدمہ کے حوالے سے درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر سی سی پی او کو مقدمہ کے جرم کی نوعیت کے متعلق آئندہ ہفتے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے شیخ فرید کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

عدالتی حکم پر سی سی پی او غلام محمود ڈوگر سمیت دیگر افسران عدالت پیش ہوئے۔ عدالت نے مقدمے کی تفتیش کے متعلق ڈی ایس پی کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بچوں کے باپ کے خلاف فوجداری نوعیت کا مقدمہ کیسے درج کرسکتے ہیں۔ سی سی پی او نے جواب دینے کے لئے عدالت سے مہلت کی استدعا کی۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ میاں بیوی کے درمیان بچوں کی حوالگی کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، تھانہ نولکھا میں بچوں کی والدہ کی مدعیت میں بچوں کے باپ کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔

پولیس نے باپ کے خلاف اپنے بچے رکھنے پر زیر دفعہ 363 کے تحت مقدمہ درج کیا، باپ پر اپنے بچے رکھنے اور خاتون کو حبس بے جا میں رکھنے کے الزام میں دفعہ 363 کا مقدمہ درج نہیں ہو سکتا جبکہ سیشن کورٹ نے بھی عبوری ضمانت خارج کر دی۔وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت ملزم کی عبوری درخواست ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔