قومی ٹیم کے پاس ٹیسٹ رینکنگ میں 5 ویں پوزیشن حاصل کرنے کا سنہری موقع

ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش قومی ٹیم کو جنوری 2017ء کے بعد پہلی بار رینکنگ میں 5 ویں نمبر پرلے جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 25 جنوری 2021 16:54

قومی ٹیم کے پاس ٹیسٹ رینکنگ میں 5 ویں پوزیشن حاصل کرنے کا سنہری موقع
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 جنوری 2021ء ) بابراعظم پاکستان کے 34 ویں ٹیسٹ کپتان کے طور پر اپنا اثر چھوڑ سکتے ہیں اور جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش کرنے کی صورت میں قومی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 5 ویں پوزیشن پر آجائے گی۔ پاکستان اس وقت رینکنگ میں 7 ویں نمبر پر ہے لیکن قطع نظر اس سے کہ سری لنکا اور انگلینڈ کے مابین گال ٹیسٹ کا نتیجہ کیا نکلے گا ، کراچی اور راولپنڈی ٹیسٹ میں فتوحات پاکستان کو 84 پوائنٹس سے 90 پوائنٹس تک لے جائیں گی جس کی وجہ سے وہ جنوبی افریقہ کو 5 ویں پوزیشن سے محروم کردے گا اور پروٹیز ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 85 رہ جائے گی تاہم اعشاریائی پوائنٹس کے حساب سے پاکستان 5 ویں نمبر پر جنوبی افریقہ سے اوپر ہوگا۔

اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ جنوری 2017ء کے بعد پہلا موقع ہوگا جب پاکستان ٹیسٹ ٹیبل پر 5 ویں نمبر پر جائے گا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء بابراعظم کے پاس ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ 5 میں واپسی کا موقع ہوگا۔ گال ٹیسٹ کے آغاز سے قبل جو روٹ کو بابر پر 2 پوائنٹس کی سبقت حاصل تھی اگر دونوں بلے بازوں نے عمدہ کھیل پیش کیا تو بابر ممکنہ طور پر روٹ سے آگے بڑھ سکتے ہیں کیوں کہ وہ زیادہ مضبوط ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں ۔

بیٹنگ ٹیبل پر پاکستان کے اگلے ٹاپ رینک بلے باز اظہر علی ہیں جو 19 ویں نمبر پر ہیں اور بھارت کے روہت شرما سے صرف 2 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ ان کے بعد محمد رضوان 36 ویں اور عابد علی 67 ویں نمبر پر ہیں۔ باؤلنگ ٹیبل میں یاسر شاہ 25 ویں پوزیشن پر پاکستان کے ٹاپ رینک بائولر ہیں اور وہ اپنی رینکنگ میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہوں گے ، 33 ویں نمبر پر براجمان شاہین شاہ آفریدی نیشنل سٹیڈیم میں کچھ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تو وہ 29 ویں نمبر پر آسکتے ہیں۔