سپریم کورٹ میں شریف خاندان کے ویلتھ ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی

پیر 25 جنوری 2021 17:48

سپریم کورٹ میں شریف خاندان کے ویلتھ ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت  غیر ..
اسلام آباد۔25جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25جنوری2021ء) :سپریم کورٹ میں شریف خاندان کے ویلتھ ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر ایف بی آر کے وکیل نے عدالت کو بتایا ہے کہ شریف خاندان نے ویلتھ ٹیکس کی ادائیگی تاخیر سے کی،تاخیر سے ٹیکس ادائیگی پر ایڈیشنل ٹیکس کا نوٹس بھیجا گیا ، شریف خاندان نے ایڈیشنل ٹیکس کا نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔دوران سماعت جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس نوٹس 1997 میں دیا،ایڈیشنل ٹیکس کا نوٹس 2002 میں دیا گیا،ایف بی آر 5 سال تک کیوں بیٹھا رہا،جسٹس منیب اختر نے کہا کہ دیکھنا ہو گا کہ ویلتھ ٹیکس کیخلاف شریف خاندان کی اپیلوں پر کیا فیصلہ ہوا،ہو سکتا ہے ویلتھ ٹیکس کیخلاف اپیلیں ٹیکس اپیلیٹ اتھارٹی نے منظور کر لی ہو،لاہور ہائیکورٹ میں رٹ تو ایڈیشنل ٹیکس پر دائر کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کے وکیل نے اس موقع پر کہا کہ عدالت ایف بی آر سے نئی ہدایات لینے کے لیے وقت دے۔عدالت عظمیٰ نے وکیل کو ایف بی آر سے نئی ہدایات لیکر عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ ویلتھ ٹیکس کیخلاف شریف خاندان کی اپیلوں پر کیا ہوا۔بعد ازاں معاملہ کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی گئی ۔