بھارتی نام نہاد جمہوریت اور سیکولرزم کا پردہ چاک ہو چکا ہے ، علی امین خان گنڈاپور

بھارت نام نہاد یوم جمہوریہ منا کر دُنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا،عالمی ادارے دُنیا کے امن کی خاطر فاشسٹ بھارت کو لگام ڈالیں ،وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان

پیر 25 جنوری 2021 17:53

بھارتی نام نہاد جمہوریت اور سیکولرزم کا پردہ چاک ہو چکا ہے ، علی امین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2021ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی نام نہاد جمہوریت اور سیکولرزم کا پردہ چاک ہو چکا ہے اور پوری دُنیا میں بھارت ایک ہندو انتہا پسند فاشسٹ ملک کے طور پر جانا جا رہاہے۔ایک بیان میںوفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نام نہاد یوم جمہوریہ منا کر پوری دُنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت میں ہندو انتہا پسندی اپنی آخری حدوں کو چھورہی ہے اور بھارت ریاستی دہشت گردی ،نئے شہریت قوانین اور کسانوں کے حقوق کے برعکس اقداما ت سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور سکھوں کو اپنے تعصب اور نفرت کا نشانہ بنا رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج بھارت کے یوم جمہوریت کے دن کے موقع پر بھارت اور بیرون ملک مقیم بھارتی اقلیتیں بھارت کی ہندو انتہا پسند پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارت کے ان ہندو انتہا پسند عزائم میں بھارتی ریاستی ادارے عدلیہ اور فوج بھی آرایس ایس اور بی جے پی کے معاون اور شراکت دارہیں۔ انہوںنے کہا کہ جس طرح بھارتی عدلیہ نے بابری مسجد کو شہید کرنے اورسمجھوتہ ایکسپریس سانحے کے کو مجرموں کو آزاد کیا بھارتی افواج نے پاکستان کے خلاف مہم جوئی اور دہشت گردی کے لئے میڈیا سے گٹھ جوڑ بنا یا اس سے بھارتی انتہا پسند عزائم کی کھلی نشاندہی ہوتی ہے۔

علی امین خان گنڈا پور نے کہاکہ بھارت آج دہشت گرد ملک بن چکا ہے جہاں اقلیتوں اور خواتین سمیت کسی کی جان ومال محفوظ نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میںملوث ہے جن کا ثبوت پاکستان پہلے ہی اقوام متحدہ کے حوالے کر چکا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت آج دُنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کھڑا ہے اور اس کے عزائم سے نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوںنے کہاپاکستان انصاف کے عالمی اداروں اور عالمی دُنیا سے اپیل کرتاہے کہ وہ دُنیا کے امن کی خاطر فاشسٹ بھارت کو لگام ڈالیں اور اس کے خلاف عالمی پابندیوں کا اطلاق کرے اور اس خطے کے دیرپا امن کی خاطر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق فوری حل کے لیے اقدامات اٹھائیں جائیں۔