جنوبی افریقہ کیخلاف بھی ہارے تو موجودہ کوچز کی چھٹی یقینی ہی: شعیب اختر

سیریز جیتنے کے پاکستان کے امکانات اس بات پر منحصر ہوںگے کہ کیسی پچ تیار کی جاتی ہے اور ہمارے بلے باز کتنا بڑا سکور کرتے ہیں :سابق سپیڈ سٹار

پیر 25 جنوری 2021 21:39

جنوبی افریقہ کیخلاف بھی ہارے تو موجودہ کوچز کی چھٹی یقینی ہی: شعیب اختر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2021ء) پاکستان کے سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر نے کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستانی ٹیم کو خبردار کیا ہے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے شعیب اختر نے اصرار کیا کہ یہ سیریز پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے لئے انتہائی اہم ہے۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ڈریسنگ روم میں بیٹھی مینجمنٹ کے لئے یہ ایک بہت ہی اہم سریز ہے، اگر نتائج پاکستان کے حق میں نہیں جاتے تو انہیں یقینی طور پر کوچنگ سے ہٹا دیا جائے گا، میری نیک خواہشات پاکستان کے ساتھ ہیں لیکن ہمیں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو ہلکا نہیں لینا چاہئے، میرے خیال میں یہ ایک سخت سیریز ہوگی کیونکہ جنوبی افریقہ ایک مضبوط ٹیم ہے جس کے خلاف کامیابی حاصل کرنے لیے پاکستانی ٹیم کو دلیری سے کرکٹ کھیلنی ہوگی ۔

(جاری ہے)

شعیب اختر نے 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں پچز کے کردار پر بھی روشنی ڈالی ۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ سیریز جیتنے کے پاکستان کے امکانات اس بات پر منحصر ہوں گے کہ کس طرح کی پچ تیار کی جاتی ہے اور اس پر ہمارے بلے باز کتنا بڑا سکور کرتے ہیں ، مجھے امید ہے کہ وہ فلیٹ وکٹیں نہیں بنائیں گے کیونکہ اس کے نتیجے میں 500 سے زیادہ رنز بنائے جائیں گے جس سے ڈرا میچز ہوں گے جو شائقین نہیں دیکھنا چاہتے، مجھے لگتا ہے کہ ہم اپنے سپنرز کے ذریعے جنوبی افریقی ٹیم کو پھنسا سکتے ہیں لیکن یہ دیکھنا باقی ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کیا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین 2 میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 26 جنوری کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔