معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو ریلیف کی فراہمی موجودہ حکومت کا مشن ہے،ثانیہ نشتر

احساس کفالت پروگرام کا دائرہ کار 70 لاکھ مستحق خاندانوں تک وسیع کر دیا گیا ہے،،،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر

پیر 25 جنوری 2021 23:30

معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو ریلیف کی فراہمی موجودہ حکومت کا مشن ہے،ثانیہ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2021ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو ریلیف کی فراہمی موجودہ حکومت کا مشن ہے۔ احساس کفالت پروگرام کا دائرہ کار 70 لاکھ مستحق خاندانوں تک وسیع کر دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ڈپٹی کمشنر آفس مردان میں آمد کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر نے ضلع مردان میں احساس پروگرام کے تحت جاری سروے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 71 فیصد سروے مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ باقی سروے اگلے ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ضلعی انتظامیہ سمیت محکمہ تعلیم اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور درپیش مسائل کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

بعدازاں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستا ن کے وژن کے مطابق احساس پروگرام کے تحت حقداروں کو ان کا حق پہنچانے کے لیے ملک گیر سروی/گھرانوں کی رجسٹریشن مقامی اساتذہ کی مدد سے ڈیجیٹل طریقے سے جاری ہے جوکہ ضلع میں 71 ، صوبہ بھر میں 45 جبکہ پورے ملک میں 65 فیصد مکمل کی جا چکی ہے۔

سروے کے تحت دیکھا جاتا ہے کہ کون حقیقی مستحق ہے اور مختلف مراحل کی جانچ پڑتال کے بعد مستحق کا تعین ہوتا ہے اور ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ ہوگا تاہم سروے مکمل ہونے پر جلد ہی مالی امداد کا سلسلہ شروع کر دیا جائیگا۔ ا نہوں نے کہاکہ احساس آمدن، احسان بلا سود پروگرام، احساس تعلیم و دیگر پروگرام بھی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے کورونا آفت میں لوگوں کی معاونت کا ارادہ کیا اور حکومت نے خلوص نیت سے مستحق خاندانوں تک امداد پہنچائی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس کفالت پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے میڈیا کے توسط سے عوام سے اپیل کی کہ وہ جاری سروے میں اساتذہ کو درست قوائف فراہم کریں تاکہ مستحقین اس پروگرام سے مستفید ہوسکیں ۔اختتام پر ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر نے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو مردان آمد پر اعزازی شیلڈ پیش کی۔