اسرائیل میں اماراتی سفارتخانے کا افتتاح ملتوی کردیا گیا

اسرائیل نے متحدہ عرب امارات میں اپنا سفارت خانہ کھول دیا ہے جبکہ اسرائیل میں کورونا لاک ڈاؤن کے باعث اماراتی سفارتخانہ نہیں کھولا جا سکا ہے، اماراتی وزارت خارجہ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 26 جنوری 2021 00:48

اسرائیل میں اماراتی سفارتخانے کا افتتاح ملتوی کردیا گیا
ابو ظہبی (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 25 جنوری 2021ء) اسرائیل میں اماراتی سفارتخانہ کھولنے کی تقریب ملتوی کردی گئی ہے ۔ کورونا وبا کے باعث اماراتی سفارتخانے کے افتتاح کو ملتوی کیا گیا ہے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اماراتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس افتتاحی تقریب کو کوویڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اسرائیل میں عائد پابندیوں کی وجہ سے مؤخر کیا گیا ہے ۔

امارات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات مل کر کورونا وبا کیخلاف لڑنے کے لیے تیار ہیں، کورونا وبا میں کمی ہوتے ہی اسرائیل میں متحدہ عرب امارات کا تل ابیب میں سفارتخانہ کھول دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے متحدہ عرب امارات میں اپنا سفارت خانہ کھول دیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس نے امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں اپنا سفارت خانہ قائم کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان چار ماہ قبل ایک تاریخی معاہدے کے نتیجے میں قائم ہونے والے خوشگوار تعلقات کے بعد امارات میں اسرائیل کا سفارت خانہ قائم کر دیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے ”آج کے روز ابوظبی میں اسرائیلی سفارت خانہ آفیشل طور پر قائم کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں سفارت خانے کا عملہ ایتان نائیح کی قیادت میں پہنچ گیا ہے۔ “ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے ”متحدہ عرب امارات میں قائم اسرائیلی سفارت خانہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو تمام سطح پر بڑھانے کے لیے کام کرے گا۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے اسرائیل میں سفارتخانہ بنانے کا اعلان کردیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کو تسلیم کرنے اور تعلقات بحال کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات نے اسرائیل میں سفاتخانہ بنانے کا اعلان کیا ہے ، اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے شہر تل ابیب میں سفارتخانہ بنانے کی منظوری دے دی ہے ، جس کا باقاعدہ اعلان یو اے ای حکومت کے سرکاری ٹوئٹر اکاونٹ سے کیا گیا۔