ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے

مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک خون کے چراغ جلتے رہیں گے،راجا فارق حیدر

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 26 جنوری 2021 05:43

ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے
مظفر آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 26 جنوری 2021ء)   دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں کے منہ پر طمانچہ ہے جو کچھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کررہا ہے۔کئی دہائیاں گزر چکیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر بھارت سے عمل درآمد نہیں کرایا جا سکا جبکہ 2019میں پانچ اگست کو بھارت نے جو قدم اٹھایا وہ عالمی قوانین کی روشنی میں اتنا بڑا جرم ہے کہ اس کی سزا کے طور پر بھارت کو اپنے ناپاک قدم مقبوضہ کشمیر سے ہر صورت اٹھانا ہوں گے۔

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت انسانیت کا قاتل ہے، اس کی جمہوریت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سب سے بڑا فراڈ ہے۔ جمہوریت کا دعویدار ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارت کا یوم جمہوریہ ہمارے لیے یوم سیاہ ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔

سات دہائیوں سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر جمہوری طریقہ کار اپناتے ہوئے ظلم وجبر کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں رائج کالے قوانین صریحاً جمہوری اقدار کے خلاف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جو ہوا، کیا وہ جمہوری ملک کرتا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر ایشیا کے امن کی تحریک ہے۔ بھارت میں اقلیتوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

ہندوستان میں رہنے والی اقلیتیں انتہا پسندانہ حکمرانوں سے خوفزدہ ہیں۔ بھارت نے جس دن سے یوم جمہوریہ منانا شروع کیا، اس دن سے ہمارا یوم سیاہ ہے۔وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر 5 اگست 2019ء کے بعد بھارت کے فوجی محاصرے میں ہے۔ بھارت کا 5 اگست کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بری طرح پامال کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان لاکھوں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے گرم لہو سے شمع تحریک کو ہر آن تابندہ اور روبہ مستقبل رکھا اور کٹھن حالات ومشکلات کے باوجود جوش حریت کو سرد نہیں ہونے دیا۔ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کا بھارتی اقدام کشمیری نہیں مانتے ہیں۔ کشمیری کسی صورت بھارت کا حصہ نہیں اور نہ کبھی ہو سکتا ہے۔ تحریک آزادی کیلئے کشمیریوں نے اپنی تیسری نسل قربان کر دی ہے اور جب تک انڈیا کے غاصبانہ قبضہ کا خاتمہ نہیں ہوجاتا یہ قربانیوں کا سلسلہ ایسے ہی چلتا رہے گا۔