نعمان علی نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو مرحوم نانا کے نام کردیا

ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی کا صلہ ملنا اعزاز کی بات ، اپنی کارکردگی جاری رکھنے کی کوشش کروںگا: لیفٹ آرم سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 جنوری 2021 12:38

نعمان علی نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو مرحوم نانا کے نام کردیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2021ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نعمان علی نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کو اپنے مرحوم نانا کے نام کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 34 سالہ نعمان علی نے کہا کہ میں نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں نمائندگی کرنے کیلئے ہی ساری زندگی کرکٹ کھیلی ہے اور آج میرا اور میرے اہل خانہ کا یہ خواب حقیقت کا بدل گیا ہے، میرے گھر والوں نے ہمیشہ میری کرکٹ کھیلنے کے لیے بھرپور سپورٹ کی اور میری کامیابی کی وجہ بھی یہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ کیپ حاصل کرتے وقت مجھے اپنے نانا بہت یاد آئے جو ہمیشہ سے ہی مجھے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچ کھیلتے دیکھنا چاہتے تھے۔ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کی اچھی کارکردگی کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی کا صلہ ملنا اعزاز کی بات ہے اور میں اپنی کارکردگی جاری رکھنے کی کوشش کروں گا۔

(جاری ہے)

نعمان علی اس سال ناردن کی طرف سے کھیلتے ہوئے قائداعظم ٹرافی میں 61 وکٹیں حاصل کرکے ساجد خان کے بعد دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ انہوں نے 6 مرتبہ اننگز میں 5 یا زیادہ وکٹیں حاصل کیں جب کہ وہ 3 بار میچ میں 10 یا زیادہ وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔