پہلا ٹیسٹ، جنوبی افریقہ کی آدھی ٹیم پوویلین لوٹ گئی

پاکستان کے لیے نعمان علی کے2 ،یاسر اور شاہین آفریدی کا ایک ایک شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 جنوری 2021 13:39

پہلا ٹیسٹ، جنوبی افریقہ کی آدھی ٹیم پوویلین لوٹ گئی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2021ء ) پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم کے 5 کھلاڑی پوویلین واپس لوٹ چکے ہیں ۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقی کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں دیکھ کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نیشنل سٹیڈیم میں جاری اس میچ میں پاکستان نے اوپننگ بلے باز عمران بٹ اور سپنر نعمان علی کو ڈیبیو کرایا جبکہ حسن علی کی 2 سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ایڈن ماکرم اور ڈین ایلگر نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے 30 کے مجموعی سکور پر ایڈن مارکرم کو واپس پویلین بھیج دیا ، وہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،تیسرے نمبرپر بیٹنگ کے لیے آنیوالے راسی وین ڈیر ڈسن 17 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

فاف ڈوپلیسی اور ڈین ایلگر نے تیسری وکٹ کے لیے 45 رنز جوڑے جس کے بعد ڈوپلیسی 23 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، کپتان کوئنٹن ڈی کوک بھی صرف 15 رنز بنا کر نعمان علی کا پہلا ٹیسٹ شکار بنے، نصف سنچری سکور کرنے والے ڈین ایلگر بھی ڈرائیو کھیلنے کو کوشش کرتے ہوئے نعمان علی کا دوسرا شکار بن گئے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے اب تک 2 اوریاسر شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کررکھی ہے۔اس سے قبل کپتان بابراعظم نے کہا کہ وکٹ کافی خشک لگ رہی ہے اور ہمارا بھی پہلے بیٹنگ کا ارادہ ہے لیکن ٹاس پر کسی کا اختیار نہیں ہوتا۔ یاد رہے کہ بابراعظم پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں قیادت کررہے ہیں۔ جنوبی افریقی کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے تصدیق کی کہ وہ میچ میں تین سپنرز کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتے تھے لیکن ٹریننگ کے دوران تبریز شمسی انجری کا شکار ہوئے جس کی وجہ سے وہ میچ نہیں کھیل سکیں گے اور آخری لمحے پر لنگی نگیدی کا نام شامل کیا گیا۔

میچ کے لیے جنوبی افریقی ٹیم میں کوئنٹن ڈی کوک(کپتان)، ڈین ایلگر، ایڈن مرکرم، فاف ڈیو پلیسی، راسی وین ڈر ڈوسن، ٹیمبا باووما، جیورج لنڈے، کیشو مہاراج، کگیسو ربادا، اینرچ نورجے اور لنگی نگیدی شامل ہیں ۔ پاکستانی ٹیم بابراعظم(کپتان)، عمران بٹ، عابد علی، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، نعمان علی، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہیں ۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 14 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے ،اس نے آخری مرتبہ 2007ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔مارچ 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشتگرد حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور پاکستان نے تقریباً 9 سال اپنی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی اور پی سی بی کو متحدہ عرب امارات کو اپنا عارضی ہوم گراؤنڈ بنانا پڑا تھا۔