پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) پشاور اور انسٹی ٹیوٹ آف ریڈیو تھراپی اور نیوکلیئر میڈیسن (ارنم) پشاور کے مابین کینسر سے متعلق صحت کے امور پر تحقیق میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے

ایم او یو پر دستخط کی تقریب گزشتہ روزپی ایم سی پشاور میں منعقد ہوئی

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 26 جنوری 2021 15:10

پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) پشاور اور انسٹی ٹیوٹ آف ریڈیو تھراپی اور ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری2021ء،نمائندہ خصوصی،امجد علی خان) پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) پشاور اور انسٹی ٹیوٹ آف ریڈیو تھراپی اور نیوکلیئر میڈیسن (ارنم) پشاور کے مابین کینسر سے متعلق صحت کے امور پر تحقیق میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ ایم او یو پر دستخط کی تقریب گزشتہ روزپی ایم سی پشاور میں منعقد ہوئی۔



پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ڈین پی ایم سی اور ڈاکٹر عاکف خان ڈائریکٹر ارنم نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے ایم او یو پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کا مقصد بایومیڈیکل تربیت میں باہمی تعاون اور تحقیق اور ترقی سے متعلقہ سرگرمی کو فروغ دینے میں مشترکہ اقدامات بروئے کارلاناہے۔

ایم او یو کے مطابق طلباء کے کلینیکل ٹریننگ پروگرام کی مدت کالج آف فزیشنز اور سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) یا متعلقہ یونیورسٹی سے منظور شدہ نصاب اور کریڈٹ اوقات کے مطابق ہوگی۔

(جاری ہے)

ایم او یو کے تحت یہ معاہدہ پانچ سال کے لیئے کارآمد رہے گا جس میں نہ صرف فریقین کی رضامندی سے مذید توسیع کی جاسکے گی بلکہ کسی بھی اختلاف کی صورت میں کوئی بھی فریق تین ماہ کی پیشگی اطلاع دے کر اس معاہدے کو ختم بھی کرسکے گا۔

دریں اثناء تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ارنم ڈاکٹر عاکف خان نے کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ یہ ایم او یوونوں اداروں، ان کے اساتذہ اور طلباء کے ساتھ ساتھ مختلف اقسام کے مریضوں کے لئے زیادہ سے زیادہ فائدے کا باعث ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس ایم او یوسے ہائی ٹیک سہولیات اور کینسر رجسٹری کے بڑے اعداد و شمار کو استعمال کرنے کے سلسلے میں تعلیم، خدمات، اور تحقیق کے شعبوں میں باہمی تعاون کوفروغ ملے گا۔

ڈین پی ایم سی پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے ڈائریکٹر ارنم کے ساتھ ساتھ سینئر ایگزیکٹوز اور دونوں شراکت داروں کے فیکلٹی ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یہ ایم او یو دونوں اداروں کو ریڈیالوجی خاص کر کینسر جیسے موذی مرض کی تعلیم و تشخیص اور علم وتحقیق میں ممد ومعاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے طبی تعلیم کے علاوہ صوبے کے مریضوں کو بھی خاطر خواہ فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم سی اور اس سے ملحقہ ذیلی اداروں نے گزشتہ چند سالوں کے دوران علم وتحقیق کے شعبوں میں جو ترقی کی ہے وہ قابل فخر ہے اورتوقع ہے کہ ارنم جیسے مایہ ناز طبی ادارے کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں سے اگر ایک طرف ہمارے طلباء کی علمی اور پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ ہوگا تودوسری جانب اس سے کینسر سے متعلق تحقیق اور علاج معالجے میں بھی مدد ملے گی۔