سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت تربیلا۔غازی بروتھا کے متاثرین کے مسائل حل کرنے سے متعلق اعلی سطحی جائزہ اجلاس

منگل 26 جنوری 2021 17:21

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  کی زیر صدارت تربیلا۔غازی بروتھا کے متاثرین ..
اسلام آباد۔26جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25جنوری2021ء) :سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تربیلا۔غازی بروتھا کی مقامی آبادی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں،علاقے کی مقامی آبادی کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے،غازی بروتھا پاور پروجیکٹ کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں تربیلا۔غازی بروتھا کے متاثرین کے مسائل کو حل کرنے سے متعلق ایک اعلی سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جلاس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔سپیکر نے کہا کہ زراعت اور فیشریز کے شعبے کو پانی کی سطح کم ہونے سے مسائل کا شکار ہیں ان شعبوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غازی بروتھا پاور پروجیکٹ کی تعمیر سے علاقے میں زیر زمین پانی کی سطح گرنے کی وجہ سے علاقے میں آبپاشی کا نظام بری طرح متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ جنگلات اور بیلا جات بھی ختم ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کا سب سے بڑا مسئلہ روزگار کا متاثر ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سے پانی کی قلت کے خاتمے کے لیے نئے ڈیموں کی تعمیر کی اشد ضرورت ہے۔

انہون نے مزید کہا کہ ملک میں جنگلات اور جھیلوں کی بحالی کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اسپیکر نے متعلقہ محکموں کو علاقے میں درپیش مسائل کو فوری حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں شریک کنسلٹنٹ نے اسپیکرقومی اسمبلی کو بریفننگ دی۔انہوں نے کہا کہ اسٹڈی میں پلاننگ مڈٹرم اور حتمی رپورٹ پیش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جائزہ رپورٹ ایک سال میں مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جائزہ رپورٹ میں مقامی آبادی کے مسائل اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں شریک واپڈا سمیت دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے علاقے کی عوام کو درپیش ضروری مسائل کو حل کرنے کے لیے ہرممکن وسائل کو بروئے کار لانے کی یقینی دہائی۔