وزیراعلیٰ سے مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی نشاط احمد خان ڈاھا کی ملاقات،عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار

عوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دینگے، جائز کام ہر صورت ہونگے،کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا ‘عثمان بزدار آپ نے ہمیشہ احترام دیا ،ہماری بات سنی ، عوامی مسائل کے حل کیلئے آپ ذاتی دلچسپی لیتے ہیں‘نشاط ڈاھا

منگل 26 جنوری 2021 18:24

وزیراعلیٰ سے مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی نشاط احمد خان ڈاھا کی ملاقات،عثمان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی نشاط احمد خان ڈاھا نے ملاقات کی جس میں حلقے کے مسائل کے حل اور ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کے حوالے سے گفتگوکی گئی-نشاط ڈاھانے وزیر اعلی عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا،وزیراعلیٰ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی- نشاط ڈاھا نے وزیر اعلی عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا - وزیر اعلی عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں کیلئے میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں - عوام کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے - عوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دیں گے۔

(جاری ہے)

منتخب نمائندوں کے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔شور مچانے والے عناصر پیچھے رہ گئے ہیں۔ عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔پی ڈی ایم والے ملک کو پیچھے کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں -پی ڈی ایم کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہو گا - رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاھا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیشہ احترام دیا ہی- آپ نے ہمیشہ ہماری بات سنی ہے - عوامی مسائل کے حل کیلئے آپ ذاتی دلچسپی لیتے ہیں -