ایل این جی ریفرنس ، احتساب عدالت نے شیخ رشید کو طلب کر نے کی درخواست مسترد کر دی

شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے نیب کے گواہ حسن بھٹی پر جرح کی گئی جو کہ مکمل نہ ہو سکی

منگل 26 جنوری 2021 18:29

ایل این جی ریفرنس ، احتساب عدالت نے شیخ رشید کو طلب کر نے کی درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ایل این جی ریفرنس میں گواہ شیخ رشید احمد کو طلب کرنے کی درخواست مسترد کر تے ہوئے ریفرنس کی سماعت 22 فروری تک ملتوی کر دی ۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کیخلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت کی۔

دوران سماعت شاہد خاقان عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے نیب کے گواہ حسن بھٹی پر جرح کی گئی جو کہ مکمل نہ ہو سکی۔ بیرسٹر ظفر الللہ نے گواہ کی جانب سے پیش کیے گئے خطوط پر بھی اعتراضات عائد کیے۔ بیرسٹر ظفراللہ کی گواہ پر جرح مکمل نہ ہوسکی، عدالت نے نیب ریفرنس کی سماعت 2 فروری تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے دائر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بطور گواہ پہلے طلب کرنے کی درخواست پر فیصلہ سنایا گیا۔ عدالت نے شاہد خاقان عباسی کی درخواست مسترد کر دی۔ شاہد خاقان عباسی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی کہ نیب کے گواہ شیخ رشید احمد کو سب سے پہلے عدالت میں طلب کیا جائے۔ نیب نے شیخ رشید احمد کو ایل این جی ریفرنس میں بطور گواہ نامزد کیا تھا۔