ہاکی ہمارا فخر ہے، کھلاڑیوں کی نئی کھیپ تیار کررہے ہیں‘ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ

پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ میں کھلاڑی جوش وخروش سے حصہ لے رہے ہیں، گراس روٹ لیول تک ہاکی کے فروغ کا پلان تیار کیا ہے ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے جس کی بحالی کے لئے ڈی جی سپورٹس پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں‘سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل

منگل 26 جنوری 2021 19:13

ہاکی ہمارا فخر ہے، کھلاڑیوں کی نئی کھیپ تیار کررہے ہیں‘ڈائریکٹر جنرل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے جاری پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ میں کھلاڑی جوش وخروش سے حصہ لے رہے ہیں، ہاکی کے فروغ اور ترقی کے لئے ضروری تھا کہ کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے مواقع فراہم کئے جائیں اس لئے چیمپئن شپ کا انعقاد کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جاری پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کے دوسرے روز کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل، ڈائریکٹر مسعود ٹیکسٹائل گروپ فیصل آباد ناصر علی ضیاء اور محمد آصف کلکٹر کسٹم لاہور خصوصی طور پر میچز دیکھنے کے لئے موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ ہاکی ہمارا فخر ہے، ماضی کی شاندار فتوحات ہماری تاریخ کا حصہ ہیں، ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے کھلاڑیوں کی نئی کھیپ تیار کررہے ہیں، ہم پرامید ہیں کہ پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ سے اچھے کھلاڑی سامنے آئیں گے، گراس روٹ لیول تک ہاکی کے فروغ کا پلان تیار کیا ہے،پہلی قائداعظم انٹر ڈویژں ہاکی چیمپئن شپ کو لیگ طرز پر تشکیل دیا گیا، جلد ہاکی ایکسی لینس سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے جس میں انجریز کے حوالے سے بھی سنٹر قائم کیا جائے گا، ایکسی لینس سنٹر سے ہاکی کا ٹیلنٹ سامنے لانے میں مدد ملے گی، ہاکی لیگ بھی فیڈریشن کے ساتھ مل کر کروائیں گے، وزیر اعظم عمران خان بھی چاہتے ہیں کہ ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس آئے اس ویژن کے تحت کام کررہے ہیں جس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے، اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں ڈپٹی کمشنر بھی رہا ہوں اور میری اولین ترجیح ہمیشہ سپورٹس ہی رہی ہے، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے جس کی بحالی کے لئے ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کے اقدامات قابل تحسین ہیں، ڈائریکٹر مسعود ٹیکسٹائل گروپ فیصل آباد ناصر علی ضیاء نے کہا کہ ہاکی میرا پسندیدہ کھیل ہے، فیصل آباد سے خصوصی طور پر میچز دیکھنے کے لئے آیا ہوں، ہمیں محنت اور جذبے سے ہاکی کو دوبارہ عروج پر لے کر جانا ہوگا، انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے دوسرے روز کے ہونیوالے میچز کے بہترین کھلاڑیوں کو 10 اور 15ہزار روپے کے خصوصی انعامات دیئے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو۔