ایف آئی اے میں اعلیٰ پیمانے پر اکھاڑپچھاڑ ، وقار چوہان ڈائریکٹر اسلام آباد زون تعینات

1000 ارب روپے کی کرپشن پر ہا ئوسنگ مافیا کے خلاف تحقیقات کا ٹاسک

منگل 26 جنوری 2021 19:27

ایف آئی اے میں اعلیٰ پیمانے پر اکھاڑپچھاڑ ، وقار چوہان ڈائریکٹر اسلام ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2021ء) وزیر داخلہ شیخ رشید کی ہدایت پر ایف آئی اے میں اعلیٰ پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کر دی گئی ہے اور اربوں روپے کی کرپشن کے مقدمات کی فوری تحقیقات مکمل کرنے کے لئے نئے افسران کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے وقار احمد چوہان کو ایف آئی اے اسلام آباد زون کا ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ شکیل احمد درانی کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر ایڈمن تعینات کیا گیا ہے جبکہ عبدالحمید بھٹو کو بلوچستان زون کا قائم مقام ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے زون ملک میں اربوں روپے کا ایرانی تیل کی درآمد کو روکنے پر کام کر رہا ہے جبکہ اسلام آباد راولپنڈی میں 200 ارب روپے کی کرپشن میں ملوث ہاؤسنگ سوسائٹی مافیا کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں اس کے علاوہ اسلام آباد میں 1000 ارب روپے کی سرکاری زمین پر جاری قبضہ کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں جبکہ مری کے ایک پٹواری کے خلاف 60 کروڑ روپے کی کرپشن کی تحقیقات بھی جاری ہیں ان تحقیقات کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے یہ تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ ۔