بھارت کی اندھیر نگری میں ہندوتوا کا چوپٹ راج ہے، شاہ محمود قریشی

بھارتی یوم جمہوریہ پر ٹینک نہیں ٹریکٹر نظر آئے ، ا قلیتیں غیر محفوظ، دنیا بھر میں کشمیری سراپا احتجاج ہیں، کشمیریوں کو دیا گیا تشخص چھین لیا گیا، وزیر خارجہ بیان

منگل 26 جنوری 2021 19:39

بھارت کی اندھیر نگری میں ہندوتوا کا چوپٹ راج ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2021ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج بھارت کی اندھیر نگری میں ہندوتوا کا چوپٹ راج ہے اور اقلیتوں کی بدحالی قائد اعظم محمد علی جناح کی بصیرت کو صحیح ثابت کرتی نظر آتی ہے۔ دنیا بھر میں کشمیری سراپا احتجاج ہیں، آئین کے تحت کشمیریوں کو دیا گیا تشخص چھین لیا گیا۔ بھارت میں آج اقلیتیں خود کو غیر محفوظ محسوس کررہی ہیں،بھارت اسی رویے کے باعث تیزی سے اپنے پڑوسی ممالک سے دور ہو رہا ہے۔

بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے یوم جمہوریہ کے مو قع پر بھارت میں پریڈ میں ٹینک نہیں ٹریکٹر نظر آ ئے ، دہلی کی طرف بھارتی کسان مارچ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سرکار کی منفی پالیسیوں کے باعث وہاں کی معیشت بگڑ چکی ہے۔

(جاری ہے)

آج بھارت میں مسلمان، بنگالی، دلت کوئی محفوظ نہیں۔ بھارت میں جمہوریت کی بجائے کالے قوانین کا نفاذ ہو رہا ہے، بھارت میں ہندوتوا سوچ ابھرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔

بھارت کے رویے سے اس کیسارے پڑوسی نالاں ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیپال، چین، بنگلہ دیش سب کیساتھ بھارت کا رویہ بدلا ہوا ہے۔ بھارت رویے کے باعث اپنے پڑوسی ممالک سے دور ہو رہا ہے۔آج بھارت کی اندھیر نگری میں ہندوتوا کا چوپٹ راج ہے اور اقلیتوں کی بدحالی قائد اعظم محمد علی جناح کی بصیرت کو صحیح ثابت کرتی نظر آتی ہے۔بھارت کا یوم جمہوریہ 26 جنوری 1950 کو منظور ہونے والے آئین کی یادگار کے طورپر منایا جاتا ہے۔

مگر گزشتہ کئی برسوں سے مودی سرکار نے ریاست کے آئین کے ساتھ جو کھلواڑ کیا ہے، اس کے بعد بھارتی شہریوں کی اکثریت سخت تشویش و مایوسی میں مبتلا ہوگئی ہے۔بھارت کا آئین ایک سیکولر ریاست کی بات کرتا ہے مگر آج مودی کے ہندو راشٹرا میں مذہبی اقلیتوں کے لیے زمین تنگ ہو چکی ہے اور وہ دوسرے درجے کے شہری بن کر رہ گئے ہیں۔مودی کی ایک پارٹی کی حکمرانی کے باعث ہندوستان میں جمہوریت دًم توڑ رہی ہے۔ ہندو اکثریت کی اجارہ داری کے ریلے میں بھارت کا نام نہاد سیکولرازم خس و خاشاک کی طرح بہہ گیا ہے اور بھارت کا آئین بے وقعت ہو کر رہ گیا ہے۔ایسے میں ریپبلک ڈے کی تقریبات خود فریبی اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترا دف ہے ۔