صحت کارڈ پلس پر اپوزیشن رہنماؤں کا بھی مفت علاج معالجہ ہو گا، تیمور جھگڑا

ملک بھر کے جدید صحت سہولیات سے آراستہ ہسپتال صحت کارڈ پلس منصوبہ میں شامل ہو رہے ہیں،صوبائی وزیر صحت و خزانہ

منگل 26 جنوری 2021 20:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2021ء) صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت اپوزیشن رہنماؤں کا بھی مفت علاج معالجہ ہو گا۔ ملک بھر کے جدید صحت سہولیات سے آراستہ ہسپتال اس پروگرام میں شامل ہو رہے ہیں۔ کراچی میں بھی خیبرپختونخوا کے رہائشیوں کا مفت علاج ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے پشاور میں صحت کارڈ پلس کے حوالے منعقدہ آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

موضع جھگڑا میں منعقدہ تقریب میں مقامی عمائدین، رہنماؤں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا کے تمام شہریوں کا ملک بھر میں قومی شناختی کارڈ پر سالانہ 10 لاکھ روپے تک مفت علاج معالجہ ہو گا۔

(جاری ہے)

ملک بھر کے جدید صحت سہولیات سے آراستہ ہسپتال اس پروگرام کے پینل پر شامل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پلس پروگرام میں بلاتفریق خیبرپختونخوا کا ہر شہری شامل ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کا بھی صحت کارڈ پر مفت علاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں مقیم خیبرپختونخوا کے مستقل رہائشی کراچی کی بہترین ہسپتالوں میں اپنا مفت علاج کرا سکیں گے تاہم یہ سہولت خود کراچی والوں کو حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر تک صحت کارڈ پلس پروگرام صوبے کے جنوبی اضلاع میں بھی شروع ہو جائے گا جس کے بعد صوبے کے تمام اضلاع میں ہیلتھ انشورنس شروع ہو جائے گی۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ صحت کارڈ پلس صحت کے شعبہ کی سب سے بڑی سکیم ہے جو کہ صوبائی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے شہریوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔