گزشتہ برس پاکستان کسٹمز نے ملک کو اربوں ڈالر کے نقصان سے بچایا، کسٹمز حکام

انسداد اسمگلنگ مہم کے ذریعے محکمہ کسٹم ملک کو 6ارب ڈالر کے نقصان سے بچانے میں کامیاب رہا ، رواں سال دو کھرب روپے ریونیو کا ہدف حاصل کرلے گا، طارق ہدیٰ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 26 جنوری 2021 23:44

گزشتہ برس پاکستان کسٹمز نے ملک کو اربوں ڈالر کے نقصان سے بچایا، کسٹمز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 26 جنوری2021ء) پاکستان کسٹمز نے گزشتہ برس ملک کو 6 ارب ڈالر کے نقصان سے بچا لیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال دو کھرب روپے ریونیو کا ہدف حاصل کرلے گا جبکہ اس سال انسداد اسمگلنگ مہم کے ذریعے محکمہ کسٹم ملک کو 6ارب ڈالر کے نقصان سے بچانے میں کامیاب رہا ہے ، اور اس سال دو کروڑ موبائل فونز پاکستان خود بنائے گا۔

رپورٹس کے مطابق کسٹمز کے عالمی دن کے موقع پر کسٹم ہاؤس کراچی میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر کسٹمز طارق ہدیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اس سال کسٹمز نے اسمگلنگ کے خلاف مؤثر حکمت عملی اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کی کارروائیوں میں کسٹمز نے 2 ارب ڈالر کے موبائل فونز کی اسمگلنگ روکی ہے، ڈیڑھ ارب ڈالر افغان ٹرانزٹ اور 2 ارب ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ بھی روکنے میں کامیاب ہوئے ہیں، مجموعی طور پر ملک کو 6 ارب ڈالر کے نقصان سے بچایا ہے۔

(جاری ہے)

ممبر کسٹمز نے کہا کہ موبائل فونز کی اسمگلنگ کو روکنے سے پاکستان کی اپنی موبائل فون کی انڈسٹری تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور اس سال دو کروڑ موبائل فونز پاکستان خود بنائے گا اور جلد موبائل فونز ایکسپورٹ کرنے والے ممالک میں شامل ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کی اسمگلنگ روکنے سے ملک میں گاڑیوں کی صنعت بہتر ہورہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ روکنے کےلیے تین مرحلوں پر مبنی حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔

اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والے 1600مراکز سیل کیے جاچکے ہیں جبکہ رواں سال ایسے ڈھائی ہزار سیل پوائنٹس بند کرنے کا ہدف ہے۔کامیاب انسداد اسمگلنگ مہم کی وجہ سے مقامی ریفائنریوں کی پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ ٹائر ٹیوب اور الیکٹرانکس کی صنعتوں میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔ کسٹمز ڈے کی تقریب کے موقع پر چیف کلکٹر بلوچستان گل رحمن کلکٹر انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس عرفان جاویدکلکٹر اپریزمنٹ اینڈ فیسلیٹیشن عبدالوحید مروت،ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سینئر نائب صدر حاجی عبداللہ اچکزئی حاجی جلات خان، محمد مرزا آزاد،و دیگر بھی موجود تھے اس سے قبل پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ بجایا گیا۔