کورونا کے وار جاری ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 74 اموات

گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے1ہزار563 نئے کیسز رپورٹ ہوئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 جنوری 2021 10:25

کورونا کے وار جاری ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 74 اموات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2021ء) : دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا کے وار جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 74 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 450 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 37 ہزار 477 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 563 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 55 ہزار 214، سندھ میں 2 لاکھ 42 ہزار 793، خیبر پختونخوا میں 65 ہزار 953، بلوچستان میں 18 ہزار 765، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 903، اسلام آباد میں 40 ہزار 972 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 877 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کورونا کی دوسری لہر کے دوران مثبت کیسزمیں نمایاں کمی ہوئی اور شرح تین اعشار نو فیصد ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

صورتحال دس نومبر سے قبل کے حالات کی جانب واپس آگئی۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد10کروڑ8 لاکھ سے بڑھ گئی ہے اور21 لاکھ67ہزار92 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ دنیا میں کورونا کے 7 کروڑ 28 لاکھ 42 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے اور 2 کروڑ 58 لاکھ 14 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں ۔

خیال رہے کہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کا پہلا کیس 17 نومبر 2019 کو رجسٹرڈ ہوا تھا جس کے بعد 27 جون 2020 کو کیسز کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی تھی۔ 24 نومبر کو کورونا کیسز کی تعداد چھ کروڑ ہوئی تھی، دس دسمبر 2020 کو کیسز سات کروڑ تک پہنچ گئے تھے، 25 دسمبر کو کورونا کے کیسز کی تعداد آٹھ کروڑ ہو گئی تھی، 9 جنوری کو کورونا کے کیسز نے نو کروڑ کا ہندسہ عبورکرلیا تھا اور 25 جنوری کو کورونا کے کیسز دس کروڑ سے بڑھ گئے تھے۔