ہائیکورٹ کاسی سی پی او کو ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ملزم کیخلاف جعلی چیک کا مقدمہ درج کرنے کا حکم

پولیس عدالتی احکامات کی تعمیل کرنے کی پابند ہے ،مقدمہ درج کر کے اس کی کاپی پیش کی جائے ‘ جسٹس طارق عباسی

بدھ 27 جنوری 2021 12:42

ہائیکورٹ کاسی سی پی او کو ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ملزم کیخلاف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے سی سی پی او کو ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ملزم میاں عثمان کے خلاف جعلی چیک کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کاپی پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی نے محمد نواز کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ اس نے ملزم میاں عثمان کو پلاٹ فروخت کیا ،ملزم نے اسے 30لاکھ روپے کا چیک دیا جو کیش نہ ہو سکا۔

ایڈیشنل سیشن جج نے تھانہ نشتر کالونی کو ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا لیکن اس کے باوجود پولیس عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کر رہی ۔استدعا ہے کہ عدالت پولیس کو ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے ۔فاضل عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پولیس عدالتی احکامات کی تعمیل کرنے کی پابند ہے ۔