سعودیہ میں پاکستانی اور مقامی افراد کا گینگ انوکھے ڈھنگ کی وارداتیں کرتے پکڑا گیا

گینگ کے کارندے کسی گاڑی کوعقب سے ٹکر مار تا اور پھر ڈرائیورکو بحث و تکرار میں لگا نے کے دوران ایک کارندہ گاڑی لے کر فرار ہو جاتا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 27 جنوری 2021 13:08

سعودیہ میں پاکستانی اور مقامی افراد کا گینگ انوکھے ڈھنگ کی وارداتیں ..
 ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جنوری2021ء) سعودی عرب میں 25 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں۔ جو سالانہ اربوں روپے کا زر مبادلہ پاکستان کو بھیج کر اس کی کمزور معیشت کو بڑا سہارا دے رہے ہیں، وہیں سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں بھی ان کا بڑا کردار ہے۔ تاہم مملکت میں مقیم چند سو مجرمانہ خصلت کے پاکستانیوں کی جانب سے آئے روز چوری، ڈکیتی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی وجہ سے باقی کے لاکھوں پاکستانی تارکین کو بھی سُبکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایک ہفتے میں عام طور پر پاکستانیوں کی جانب سے پانچ سات وارداتوں کی خبریں سامنے آنا معمول بنا چکا ہے۔ریاض میں پولیس نے انوکھے ڈھنگ کی چوری کی وارداتیں کرنے والا 8 رُکنی گینگ گرفتار کر لیا ہے جس میں ایک پاکستانی اور 7 سعودی شہری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان ٹریفک حادثہ کر کے گاڑیاں چُرانے کی کئی وارداتیں کر چکے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ گینگ گاڑی پر سوار ہو کر آگے جاتی گاڑی کو ٹکر مارتا۔

اس کے بعد حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کے ڈرائیور کو روک کر باہر نکلنے پر مجبور کیا جاتا۔ گینگ کے دو تین ارکان اس ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار ٹھہرا کر جھوٹ موٹ کی بحث و تکرار میں اُلجھا لیتے۔ اسی دوران کوئی ایک کارندہ اس کی گاڑی لے کر فرار ہو جاتا۔ یہ لوگ گاڑی کو ریاض کے نواحی علاقے السویدی کے جنگلات میں لے جا کر چھُپا دیتے۔ اورپھر اس کے پرزے نکال کر باقی ماندہ کار کو سکریپ میں بیچ دیتے۔

ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا گیا تو انہوں نے 13 وارداتوں کا اعتراف کیا۔ چوری کی گئی متعدد گاڑیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل جدہ میں بھی 13 افراد پر مشتمل جرائم پیشہ گینگ پکڑا گیا ہے، جن میں سے 11 پاکستانی، 1 بھارتی اور 1 سوڈانی ہے۔ جدہ پولیس کے مطابق یہ افراد بجلی کی کیبل چوری کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، جن کا پولیس نے بالآخر سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا ہے۔

جدہ پولیس کے ترجمان محمد الغامدی نے بتایا کہ گرفتار افراد کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ یہ افراد زیر تعمیر عمارات سے الیکٹرک کیبلز اور کاپر کاٹنے والے آلات چُراتے تھے۔ اب تک یہ مختلف وارداتوں میں 18 لاکھ 80 ہزار دریال کی مالیت کا سامان لوٹ چکے تھے۔ ملزمان نے ریاض کے مختلف علاقوں میں وارداتیں انجام دیں۔ پولیس کے مطابق گروہ کے تمام افراد قابو میں آ گئے ہیں، جن پر مقدمہ چلانے کے لیے انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔