مسجد الحرام میں بزرگ نمازیوں اور معذور زائرین کے لیے ایک اور سہولت دے دی گئی

حرمین شریفین پریزیڈنسی کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس میں مزید الیکٹرک وہیل چیئرز فراہم کر دی گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 27 جنوری 2021 16:33

مسجد الحرام میں بزرگ نمازیوں اور معذور زائرین کے لیے ایک اور سہولت ..
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جنوری2021ء) مسجد الحرا م میں وقت کے ساتھ جدید سے جدید ترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ تاکہ لوگوں کو نماز ، حج اور عمرہ کی ادائیگی میں سہولت ہو سکے۔ اس حوالے سے ایک اور اچھی خبر سُنائی گئی ہے۔ حرمین شریفین کے انتظامی امور کی ذمہ دار جنرل پریزیڈینسی کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے مسجد حرام میں نماز کے لیے آنے والے بزرگ شہریوں کی سہولت کی خاطر برقی وہیل چیئرز کا نیا پیکیج جاری کیا ہے۔

اُردو نیوز کے مطابق اس سہولت کا مقصد مسجد حرام میں عمر رسیدہ نمازیوں اور معتمرین کو حرم مکی میں سعی اور طواف کے موقع پر ایک نئی آسانی فراہم کرنا ہے۔مسجد حرام میں برقی وہیل چیئر پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں الشیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ بیت اللہ میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا سعودی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں حرمین شریفین پریذیڈینسی نمازیوں، زائرین اور معتمرین کو زیادہ بہتر سہولیات کی فراہمی کا سفر جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد اور بزرگ شہریوں کے لیے برقی وہیل چیئرز کا اجرا حجاج کرام، زائرین اور معتمرین کے لیے اللہ کے گھر میں سہولیات کی فراہمی کا حصہ ہے۔الشیخ السدیس نے کہا کہ انتظامیہ مسجد حرام میں نمازیوں اور زائرین کے لیے سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ وبا کے دوران ان کی صحت کی حفاظت کے لیے بھی بھرپور اقدامات کررہی ہے۔

حرم مکی میں تواتر کے ساتھ سینی ٹائرز کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔ نمازیوں کی صحت اورحفاظت کے لیے کرونا کیدوران وضع کردہ ایس اوپیز پر عمل درآمد کے لیے تمام اقدامات کیے جاتے ہیں۔خیال رہے کہ مسجد حرام میں زائرین کے لیے جاری کردہ برقی وہیل چیئرز میں کئی خصوصیات ہیں۔ یہ وزن میں دستی وہیل چیئرز سے ہلکی ہیں۔ یہ جدید انجینیرنگ کی ایک نئی ایجاد ہے جنہیں پاؤں کی مدد سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ ان کی تیاری میں مضبوط پلاسٹک کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ چیئرز فولڈ کرنے اور پاور گلائیڈ محرک کے ذریعیچڑھائی اور اترائی میں خود کار طریقے سے چلتی ہیں۔