زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور یو ایس گروپ لاہور کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں

جس کے تحت دونوں ملک میں بھنگ کی لکڑی کی چھال سے دھاگہ تیار کر کے اس سے جراثیموں سے پاک کپڑا تیار کرنے کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائیں گے

بدھ 27 جنوری 2021 17:50

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور یو ایس گروپ لاہور کے مابین مفاہمت کی ایک ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور یو ایس گروپ لاہور کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت دونوں ملک میں بھنگ کی لکڑی کی چھال سے دھاگہ تیار کر کے اس سے جراثیموں سے پاک کپڑا تیار کرنے کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر جبکہ عمرصدیق گروپ لاہور کی طرف سے ڈائریکٹر مارکیٹنگ سپلائی چین و آر اینڈ ڈی مسٹر ملک محمد عمران نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ دنیا بھر میں بھنگ کے ذریعے 30 سے زائد ویلیوایڈڈ مصنوعات تیار کی جاتی ہیں جبکہ اسے ادویہ سازی میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرانومی کے شعبے میں ہم اسے جڑی بوٹی کے طور پر جانتے ہیں تاہم اب اس کی افادیت کے پیش نظر اس کی کوالٹی پروڈکشن پر تحقیق و ترقی کا کام کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اکیڈیمیا انڈسٹری لنکجز کے تحت مختلف اداروں کے ساتھ مل کر درپیش مسائل کے حل کے لئے عملی کاوشیں بروئے کار لا رہی ہے اور اس عمل کو مزید وسعت دی جائے گی۔ عمرصدیق گروپ کے ڈائریکٹر ملک محمد عمران نے کہا کہ ملک بھر میں بھنگ خودرو جڑی بوٹیوں کے طور پر وسیع پیمانے پر موجود ہے جس کی لکڑی کی چھال اتار کر اس سے اعلیٰ کوالٹی کا فائبر حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ہم 20فیصد بھنگ کا فائبر 80 کپاس کے دھاگے کے ساتھ ملا کر کپڑا تیار کر رہے ہیں جس سے انسانی جسم پر جراثیم پیدا نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ اس فائبر کے ذریعے ملک میں کپاس کی کمی کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں متبادل دھاگے کی تیاری پر فوکس کیا جا رہا ہے تاکہ کپاس کی محدود پیمانے پر کاشت کی وجہ سے دھاگے کی کمی کا متبادل تیار کیا جا سکے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس فائبر کے ذریعے ہماری ٹیکسٹائل انڈسٹری اپنے ایکسپورٹ کا حجم بڑھانے میں کامیابی حاصل کر سکے گی۔ تقریب میں رجسٹرار عمرسعید قادری، ڈین کلیہ فوڈ اینڈ ہوم سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر، پرنسپل آفیسر شعبہ تعلقات عامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ، مینیجرانڈسٹریل لنکجز اورک ڈاکٹر خرم ضیاء  اور چیئرمین فائبر ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اسد فاروق نے شرکت کی۔