اسیر الشوبا کی صحت کی حالت تشویشناک، فلسطینی اسیران اتھارٹی کا اسرائیلی انتظامیہ سے علاج کا مطالبہ

بدھ 27 جنوری 2021 19:18

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) فلسطینی اسیران و سابق اسیران کی اتھارٹی نے اسرائیل کی ایالا جیل میں قید 82 سالہ فلسطینی اسیر فواد الشوباکی صحت پر سنگین خدشات کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں اسیران تنظیم نے کہا ہے کہ اسرائیل کی ایالا جیل میں قید 82 سالہ فلسطینی اسیر فواد الشوباکرونا وائرس کی تشخیص کے بعد جیل کی قرنطینہ میں رہ رہے ہیں، اتھارٹی کے مطابق اسیر الشوباکی کو کرونا کی تشخیص اس وقت ہوئی جب وہ اسرائیلی جیلر کے ہمراہ اپنی آنکھ کی سرجری کیلئے ہسپتال گئے تھے۔

(جاری ہے)

اسیر فواد الشوباکی کو پروسٹیٹ کینسر ، دل کے مختلف امراض اور آنکھ کے امراض لاحق ہیں اور انہیں مسلسل طبی امداد کی ضرورت رہتی ہے۔ اسیران اتھارٹی نے قابض اسرائیلی حکام کو اسیر کی زندگی کو درپیش کسی بھی خطرے کا ذمہ دارقرار دیا۔اسیرفواد الشوباکی غزہ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ اسرائیلی جیلوں میں موجود سب سے پرانے اسیران میں سے ہیں، انہیں 2006 میں حراست میں لیا گیا تھا اور 17 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔الشوباکی پر الزام ہے کہ وہ اسلحے سے بھری ایک کشتی غزہ سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔اسرائیلی جیلوں میں اس وقت 4400 اسیران موجود ہیں جن میں 40 خواتین، 170 کم عمر بچے اور 380 انتظامی اسیران شامل ہیں۔