لیز کا تنازع، ملائیشین عدالت کا پی آئی اے کا طیارہ ریلیز کرنے کا حکم

پیریگرین پی آئی اے سی کے خلاف اپنا مقدمہ واپس لینے اور حکم امتناعی احکامات کو مسترد کرنے پر رضامند ہوگئی ہے، وکیل کوان ول سین

بدھ 27 جنوری 2021 21:14

لیز کا تنازع، ملائیشین عدالت کا پی آئی اے کا طیارہ ریلیز کرنے کا حکم
کوالا لمپور، اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2021ء) ملائیشیا کی ایک عدالت نے طیارے کی لیز کے معاملے پر دو ہفتے قبل روکے گئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا طیارہ فوری ریلیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق ملائیشین حکام نے 15 جنوری کو بوئنگ 777 طیارے پر تحویل میں لے لیا تھا جب ایک عدالت نے طیارے کے کرایہ دار پیریگرین ایوی ایشن چارلی لمیٹڈ کی جانب سے درخواست منظور کر لی تھی۔

عدالت نے برطانیہ کی ایک عدالت میں پی آئی اے کے ساتھ ایک کروڑ 40لاکھ ڈالر لیز کے تنازع کے زیر التوا مقدمے کے نتیجے تک طیارے کو گراؤنڈ کرنے کا حکم دیا تھا۔ایئر لائن کی نمائندگی کرنے والے ایک وکیل کے مطابق دونوں فریقوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ تنازع کی دوستانہ طریقے سے تصفیے پر راضی ہو گئے جس کے بعد کوالالمپور ہائی کورٹ نے طیارے کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کے وکیل کوان ول سین نے کہا کہ پیریگرین پی آئی اے سی کے خلاف اپنا مقدمہ واپس لینے اور حکم امتناعی احکامات کو مسترد کرنے پر رضامند ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ہی پی آئی اے سی کے زیرانتظام دو بوئنگ طیارے فوری ریلیز کیے جائیں گے۔دونوں جیٹ طیاروں کو پی آئی اے کو 2015 میں دنیا میں طیارے لیز پر دینے والے والے سب سے بڑے ادارے ایرکیپ نے لیز پر دیا تھا۔

وہ اس پورٹ فولیو کا ایک حصہ ہیں جسے ائرکپ نے پی سی گرین ایوی ایشن کمپنی لمیٹڈ کو 2018 میں فروخت کیا تھا۔پیریگرن کی نمائندگی کرنے والے وکلاسے تبصرے کی درخواست کی گئی لیکن انہوں نے درخواست کا جواب نہیں دیا۔واضح رہے کہ 15 جنوری کو ملائیشیا کی ایک مقامی عدالت کے حکم پر کوالالمپور ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کا مسافر طیارہ بوئنگ 777 روک لیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق بی ایم ایچ رجسٹریشن کا حامل بوئنگ طیارہ لیز کمپنی کو ادائیگی نہ ہونے کے باعث روکا گیا۔مذکورہ طیارے کی قابل ادا رقم کی مالیت مبینہ طور پر 14 ملین ڈالرز ہے اور اس ضمن میں لندن کی عدالت میں معاملہ ثالثی کے مراحل میں تھا۔ثالثی کے باوجود لیز کمپنی نے ملائیشیا کی مقامی عدالت سے طیارہ روکے جانے کا حکم نامہ جاری کرایا اور عدالتی حکم پر طیارے کو ٹیک آف سے قبل روک دیا گیا تھا۔ملائیشیا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ ملایا کورٹ، کوالالمپور کے فیصلے کے تحت ملائیشین حکام نے پی آئی اے طیارہ تحویل میں لیا۔