سابق صدرآصف علی زرداری کی نیب ریفرنسزمنتقلی کیس

سپریم کورٹ نے نیب ، فریال تالپور سمیت دیگر تمام ملزمان کو بھی نوٹس جاری کردیئے فیصلے میں بہت سے الزامات کا ذکر ہے جس کی وجہ سے کیس اسلام آباد دائر ہوئے،جسٹس عمرعطاء بندیال کے ریمارکس

بدھ 27 جنوری 2021 22:05

سابق صدرآصف علی زرداری کی نیب ریفرنسزمنتقلی کیس
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2021ء) سابق صدر آصف علی زرداری کی نیب ریفرنسز احتساب عدالت اسلام آباد سے احتساب عدالت کراچی منتقلی کی درخواست پر سپریم کورٹ نے نیب ، فریال تالپور سمیت دیگر تمام ملزمان کو بھی نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ معاملہ کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے دلائل دیے کہ نیب قانون کے تحت مقدمہ منتقلی کی درخواست دینا قانونی حق ہے، عدالتی حکم سے قانونی حق ختم نہیں کیا جا سکتا۔

جس پر جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دئیے کہ فیصلے میں بہت سے الزامات کا ذکر ہے جس کی وجہ سے کیس اسلام آباد دائر ہوئے، نیب نے ریفرنس عدالتی حکم پر اسلام آباد میں دائر کیے،انہوں نے سابق صدر کے وکیل سے پوچھا کہ کیا آصف زرداری کیخلاف پہلے کبھی ریفرنس اسلام آباد میں دائر ہوئی جس پر فاروق نائیک نے بتایا کہ آصف زرداری ماضی میں تمام مقدمات سے بری ہوئے،ماضی میں لاہور اور پنڈی میں ریفرنس دائر ہوئے، ایک کی سماعت اٹک قلعہ میں بھی ہوئی،جسٹس منیب اختر نے ایک موقع پر ریمارکس دئیے کہ اتنے ملزمان کو نوٹس جاری کرنا لازمی نہیں،آپ نے تمام ملزمان کو فریق بنا لیا،جس پر فاروق نائیک نے موقف اپنایا کہ سب کی رائے آ جائے تو بہتر ہوگا، جسٹس عمر عطائ بندیال اس پر بولے کہ آپ میلا لگانا چاہتے ہیں تو لگا لیں،عدالت کا وقت محدود ہوتا ہے اس حساب سے ہی سنیں گے۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ نے اس موقع پر قرار دیا کہ سپریم کورٹ کا 7 جنوری 2019 کا فیصلہ حتمی ہے،عدالتی فیصلے پر عمل روک سکتے نہ ہی اسے تبدیل کر سکتے،دیکھنا ہوگا سپریم کورٹ نے کن حالات میں ریفرنس اسلام آباد میں دائر کرنے کا حکم دیا۔بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے نیب ، فریال تالپور سمیت دیگر تمام ملزمان کو بھی نوٹس جاری کرتے ہو? معاملہ کی سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کردی ہے۔