سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سفر کرنے وا لے پاکستانیوں کیلئے اہم خبر

سعودی ائیرلائن نے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کی مکمل بحالی کی تیاریاں مکمل کر لیں، 31 مارچ سے مملکت میں تمام ائیرلائنز کو بین الاقوامی پروازیں چلانے کی اجازت ہوگی

muhammad ali محمد علی بدھ 27 جنوری 2021 19:53

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سفر کرنے وا لے  پاکستانیوں کیلئے اہم ..
ریاض (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جنوری 2021ء) سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سفر کرنے پاکستانیوں کیلئے اہم خبر، سعودی ائیرلائن نے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کی مکمل بحالی کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی سب سے بڑی ہوا باز کمپنی سعودی ائیرلائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ تقریباً ایک سال کے بحران کے بعد اب اپنا بین الاقوامی فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال کرنے کیلئے تیار ہے۔

اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 31 مارچ سے سعودی ائیرلائن اپنا بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بھرپور طریقے سے بحال کر لے گی، جلد ہی ٹکٹوں کی بکنک کا بھی آغاز کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل سعودی حکومت نے مملکت میں کرونا وائرس کا پھیلاو بہت حد تک ختم ہو جانے کے بعد سفری پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کیا ۔

(جاری ہے)

سعودی حکومت نے بڑی خوشخبری سنائی کہ تقریباً ایک سال سے کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے بیرون ممالک آزادانہ سفر کرنے سے محروم شہری اب بیرون ملک سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔ بتایا گیا کہ سعودی حکومت نےتمام غیر ملکی ائیرلائنز کو سعودی عرب کیلئے فضائی آپریشن کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد مملکت کے شہری دنیا کے کسی بھی ملک کا سفر کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب کے تمام ائیرپورٹس غیر ملکی ائیرلائنز کے لیے کھول دیئے گئے ہیں۔

سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا کی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق تمام ائیر لائنز بدھ 31 مارچ کی صبح6 بجے سے آمد و رفت کا آغاز کرسکتی ہیں۔ سعودی عرب میں 31 مارچ سے بین الاقوامی پروازوں کی مکمل طور پر بحالی کے علاوہ اسی روز سے مملکت کی تمام زمینی اور سمندری سرحدیں بھی کھول دی جائیں گی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے عائد کی گئی سفری پابندیوں کو تقریباً ایک سال کا عرصہ ہو چکا۔

کچھ ماہ قبل سعودی حکومت نے جزوی طور پر بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت کی اجازت دی تھی، جبکہ زمینی سرحدوں کو بھی جزوی طور پر کھول گیا تھا۔ تاہم اب سعودی عرب کرونا وائرس وبا پر تقریباً قابو پا چکا، مملکت میں زیر علاج مریضوں کی تعداد بہت ہی کم رہ گئی ہے، جس کے بعد کرونا پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔