قائمہ کمیٹی خارجہ امور اجلاس میں اقوام متحدہ میں دیئے گئے بھارت کیخلاف دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ثبوتوں پر مشتمل ڈوزئیر کی کاپی پیش کی ہے ، وزیر خارجہ

ڈوزئیر کا معاملہ کسی ایک پارٹی کا نہیں، پورے پاکستان کا ہے ، قائمہ کمیٹی نے کرونا ویکسین کے حصول کیلئے وزارتِ خارجہ کی کاوشوں کو سراہا ہے ، وزیر خارجہ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 27 جنوری 2021 22:56

قائمہ کمیٹی خارجہ امور اجلاس میں اقوام متحدہ میں دیئے گئے بھارت کیخلاف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں اقوام متحدہ میں دیئے گئے بھارت کیخلاف دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ناقابل تردید ثبوتوں پر مشتمل ڈوزئیر کی کاپی پیش کی ہے ،ڈوزئیر کا معاملہ کسی ایک پارٹی کا نہیں، پورے پاکستان کا ہے ۔بدھ کو سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور علاقائی امن کو درپیش خطرات کے حوالے سے گفتگو ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی، ان کے شوہر اور ساتھیوں کے ساتھ ہونیوالے ناروا بھارتی سلوک پر بات چیت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں 2021 میں پاکستان کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا ۔انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے کرونا ویکسین کے حصول کیلئے وزارتِ خارجہ کی کاوشوں کو سراہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اقوام متحدہ میں دیئے گئے بھارت کے خلاف دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ناقابل تردید ثبوتوں پر مشتمل ڈوزئیر کی کاپی بھی چیئرمین کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید کو پیش کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈوزئیر کا معاملہ کسی ایک پارٹی کا نہیں، پورے پاکستان کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے ڈوزئیر کو دوسرے اراکین کے ساتھ شیئر کرنے کا کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ڈس انفولیب کی رپورٹ پر ہونے والی پیش رفت سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیا گیا ہے۔