سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان تلور کا شکار کرنے کیلئے بلوچستان پہنچ گئے

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی دوستی اور خوشگوار تعلقات سے پورے خطے کے پائیدار امن کیلئے بھی مثبت نتائج برآمد ہوں گے، گورنربلوچستان

بدھ 27 جنوری 2021 23:36

سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان تلور کا شکار کرنے ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان تلور کا شکار کرنے کیلئے بلوچستان پہنچ گئے۔گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود خصوصی طیارے کے ذریعے بلوچستان کے علاقے دالبندین پہنچنے جہاں گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے ان کا استقبال کیا۔گورنر تبوک دالبندین میں قیام کے دوران اپنے وفد کے ہمراہ تلور کا شکار کھیلیں گے، وہ ہر سال سردیوں میں تلور کا شکار کھیلنے دالبندین آتے ہیں۔

بعد ازاں دالبندین میں دونوں گورنروں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعد المالکی، کمشنر رخشان ڈویڑن سعید عمرانی اور ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روز اول سے برادرانہ گہرے خوشگوار تعلقات قائم ہیں، ضروری ہے کہ جدید تقاضوں کے مطابق دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے ، تاریخ گواہ ہے کہ ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کا خصوصی تعاون رہا ہے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی دوستی اور خوشگوار تعلقات سے پورے خطے کے پائیدار امن کیلئے بھی مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔