وزیراعظم عمران خان کا ’کامیاب کسان‘ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

منصوبہ کامیاب جوان پروگرام کے بینر تلے شروع ہوگا ، حکومت زرعی شعبے سے وابستہ نوجوانوں کو مالی اور تکنیکی مدد فراہم کرے گی ، کل ساہیوال میں وزیراعظم نوجوان کسانوں میں ٹریکٹرز تقسیم کریں گے ، معاون خصوصی عثمان ڈار

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 جنوری 2021 13:39

وزیراعظم عمران خان کا ’کامیاب کسان‘ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کامیاب کسان منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل ساہیوال کا ایک روزہ دورہ کریں گے ، جہاں کامیاب کسان پروگرام منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔ اس حوالے سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے بتایا کہ کامیاب کسان منصوبہ کامیاب جوان پروگرام کے بینر تلے شروع ہوگا ، جس کے تحت حکومت زرعی شعبے سے وابستہ نوجوانوں کو مالی اور تکنیکی مدد فراہم کرے گی ، اس سلسلے میں کل ساہیوال میں وزیراعظم نوجوان کسانوں میں ٹریکٹرز تقسیم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت میں کسانوں کے حالات دیکھ لیں دوسری طرف پاکستان میں دیکھیں جہاں حکومت ان کے منصوبے شروع کر رہی ہے جب کہ بھارت میں مودی سرکار کسانوں کا استحصال کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ حکومت نے بلین ٹری اور ہنی سونامی کے بعد اب بلین ڈرائی فروٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ بلین ڈرائی فروٹ پراجیکٹ کے تحت صوبہ خیبرپختونخوا میں خشک میوہ جات کے درخت لگائے جائیں گے ، اس ضمن میں محکمہ زراعت کو منصوبہ جلد قابل عمل بنانے کی ہدایت کردی گئی جب کہ محکمہ جنگلات کو بھی جامع سروے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ، بتایا گیا ہے کہ بلین ڈرائی فروٹ کے حوالے سے سروے رپورٹ آنے کے بعد منصوبے کو عملی شکل دی جائے گی ، منصوبے کی نگرانی گورنر خیبر ختونخواہ شاہ فرمان کریں گے۔

اس سے پہلے حکومت نے بلین ٹری سونامی شہد منصوبہ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا ، جس کا باقاعدہ اعلان وزیراعظم عمران خان کی طرف سے 21 دسمبر کو کیا گیا ،اس منصوبے کے تحت پاکستان کے 10 لاکھ ایکڑ جنگلات میں7 اقسام کے شہد کی پیدوار ہوگی جس سے ملک بھرمیں 12 ہزارمیٹرک ٹن شہد کی پیدوار ہوگی ، جس میں سے 1200 میٹرک ٹن بلین ٹری سونامی شہد کے نام سے برانڈ ایکسپورٹ کرسکیں گے۔