کینیڈا نے توہین اسلام کے جُرم میں سزا کاٹنے والے سعودی بلاگر کو شہریت دے دی

رائف بداوی توہین اسلام پر 10 سال قید اور 1 ہزار کوڑوں کی سزبھُگت رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 28 جنوری 2021 14:28

کینیڈا نے توہین اسلام کے جُرم میں سزا کاٹنے والے سعودی بلاگر کو شہریت ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جنوری2021ء) کینیڈا نے مذہب اسلام کی توہین کرنے والے سعودی بلاگر رائف بداوی کو اہلِ خانہ سمیت کینیڈا کی شہریت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں کینیڈا کی پارلیمنٹ کے سالانہ اجلاس میں رائف کو شہریت دینے کی قرارداد متفقہ طور پر کر لی گئی۔ رائف 2012ء سے سعودی عرب میں قید کی سزا کاٹ رہا ہے جبکہ اس کے بیوی بچے اس وقت کینیڈا میں موجود ہیں۔

پیش کی گئی قرارداد میں کینیڈا کے امیگریشن منسٹر مارکو مینڈی سینو کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے غیر معمولی حالات کے پیش نظر بداوی کو کینیڈا کی شہریت عطا کر دیں۔بداوی کو 2014ء میں توہین اسلام پر 10 سال قید کی سزا سُنائی گئی تھی اور وقفے وقفے سے ایک ہزار کوڑے بھی لگانے کا حکم دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم جنوری 2015ء میں پہلی بار ہفتہ وار 50 کوڑے لگنے کے بعد اسے مزید کوڑے لگانے کی سزا روک دی گئی تھی، جس کی وجہ دُنیا بھر میں اس معاملے پر ہونے والا احتجاج اور سزا کی مذمت تھی۔

بداوی کو سعودی عرب میں آزادی اظہار کا علمبردار قرار دیا جاتا ہے، جس نے سعودی عرب میں قائم مذہبی نظام کو ختم کرنے کا کئی بار مطالبہ کیا تھا۔ بداوی کا کہنا تھا کہ سعودیہ میں رائج مذہبی نظام اسلام کی غلط تصویر پیش کرتا ہے۔بداوی کو کینیڈا کی شہریت دینے کے لیے بل کیوبک پارٹی کے سربراہ یوویس فرانکوا بلانکے نے پیش کی تھی، جس میں کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور وزیر امیگریشن مارکو مینڈی سینو سے کہا گیا تھا کہ وہ بداوی کو شہریت دلوائیں۔

بلانکے نے بل کی منظوری کے بعد ایک بیان میں کہا ”ہر دن قیمتی ہے کیونکہ اس کی صحت قید کے دوران خطرناک حد تک گرتی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ 2018ء میں کینیڈا اور سعودی حکومت کے درمیان تعلقات میں اس وقت تلخی پیدا ہوئی جب کینیڈین حکومت نے انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے سعودی شہریوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جن میں بداوی کی قید کاٹنے والی بہن ثمر بداوی بھی شامل ہے۔ بداوی کی بیوی اور تین بچے جو اس وقت کینیڈا کے صوبے کیوبک میں مقیم ہیں، انہیں پہلے ہی کینیڈا کی شہریت دی جا چکی ہے۔