Live Updates

پی ٹی آئی رہنما کو تُرکی کی تصاویر نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے منصوبے سے منسوب کرنے پر سبکی کا سامنا

سوشل میڈیا صارفین نے بغیر تحقیق تصاویر شئیر کرنے اور اپنی حکومت کی تعریف کرنے پر شعیب صدیقی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 جنوری 2021 16:04

پی ٹی آئی رہنما کو تُرکی کی تصاویر نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے منصوبے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2021ء) : حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت کم آمدنی والے افراد کو آسان اقساط پر 50 لاکھ گھر تعمیر کر کے دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اس منصوبے کا پہلا گھر گذشتہ ماہ اسلام آباد میں تعمیر کیا گیا تھا جس کے بعد حکومتی وعدے کے تحت اس منصوبے کے 49 لاکھ 99 ہزار 999 گھر باقی ہیں۔ اب سے کچھ دیر قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر ایک پوسٹ شئیر کی ۔

اس پوسٹ میں انہوں نے بڑی تعداد میں تعمیر کیے جانے والے گھروں کی تصاویر بھی شئیر کیں اور ساتھ ہی پوسٹ میں تحریر کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے اپنے وژن کے مطابق اس منصوبے کا اسٹارٹ پاکستان کے سب سے پسماندہ صوبہ بلوچستان سےشروع کیا ۔

(جاری ہے)

پوسٹ میں شئیر کی جانے والی تصاویر سے متعلق انہوں نے بتایا کہ زیر نظر تصاویر میں کچھ بنائے گئے مقامات کے منظر ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما شعیب صدیقی نے اپنی حکومت کی تعریف تو کی لیکن وہ ان تصاویر سے متعلق تحقیق کرنا بھول گئے اور اسی وجہ سے انہیں سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ شعیب صدیقی کی جانب سے تصاویر پوسٹ کیے جانے کے فوری بعد ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک کے صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا اور کہا کہ تقلید میں اتنا اندھا بھی نہیں ہونا چاہئیے کہ انسان بغیر تحقیق کے ہی کچھ پوسٹ کر دے۔

شعیب صدیقی کی جانب سے شئیر کی جانے والی تصاویر بلوچستان تو دور پاکستان کی بھی نہیں ہیں۔ یہ تصاویر در اصل ترکی کی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس کی نشاندہی کی اور شعیب صدیقی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تصاویر ترکی میں ایک اسکیم کی ہیں۔ ترکی میں ایک ڈیم بن رہا ہے اس ڈیم کی تعمیر میں رہائشی آبادی جو ڈیم کی تعمیر میں روکاٹ تھی اس رہائشی آبادی کے لیے کہیں اور یہ اسکیم بنائی گئی ہے جس کی تصاویر آپ نے بڑے فخر کے ساتھ شئیر کئے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد شعیب صدیقی کو اپنی غلطی کا احساس ہوا جس پر انہوں نے اپنی پوسٹ ہٹا دی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات