Live Updates

پاکستان کو آگے بڑھانے والوں کی ٹانگیں کھینچنے کا رواج ختم ہونا چاہیے، محمد سرور

پی ڈی ایم استعفے دے سکی نہ ہی لانگ مارچ کرے گی ان کی تحریک عدم اعتماد بھی نہیں آے گی‘گورنر پنجاب

جمعرات 28 جنوری 2021 17:04

پاکستان کو آگے بڑھانے والوں کی ٹانگیں کھینچنے کا رواج ختم ہونا چاہیے، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان کو آگے بڑھانے والوں کی ٹانگیں کھینچنے کا رواج ختم ہونا چاہیے،پی ڈی ایم استعفے دے سکی نہ ہی لانگ مارچ کرے گی ان کی تحریک عدم اعتماد بھی نہیں آے گی،عوام اپوزیشن نہیں تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ ہیں ۔وہ جمعرات کے روزمقامی ہوٹل میں صحت کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کسی بھی ملک کی کامیابی ،ترقی ،خوشحالی اور استحکام کے لیے جمہوریت کا تسلسل ضروری ہوتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے علاوہ کوئی نظام نہیں چل سکتااور عوام بھی جمہوریت کے تسلسل کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیںجو مر ضی دعوے کرتیں رہیں الیکشن 2023 میں ہی ہوں گے، عمران خان بطور وزیر اعظم اور حکومت دونوں اپنی آئینی مدت پوری کر یں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عوام اپوزیشن نہیں بلکہ تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ ہیں۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جب بھی پاکستانی متحد ہوتے ہیں تو وہ کامیاب ہوتے ہیں، پاکستان میں اتحاد کی ضرورت ہے او ر سیاسی مخالفین کی جانب سے ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کا رواج ختم ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام جس کو اقتدار میں آنے کیلئے ووٹ دیں اس کے مینڈ یٹ کو تسلیم ہو نا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی کوشش کر نے والے ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ گور نر پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کے دوران فر نٹ لائن پر لڑنے والے قوم کے ہیروز ہیں اور ہم ان کو گورنر ہائوس بلاکر ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کر یں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کا غر یب افراد کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی ایک تاریخی منصوبہ ہے جس کے بعد کوئی بھی غر یب شخص پیسے نہ ہونے کی وجہ سے علاج سے محروم نہیں رہے گا۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب حکومت ٹائیفا ئیڈ سے بچائو کیلئے ویکسین مہم یکم فروری سے شروع کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ تمام افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کر یں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کرپاکستان کو صحت مند،مضبوط اور خوشحال بنانا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات