Live Updates

بلاول بھٹو اور مریم الیکشن کمیشن کی اسکرونٹی کمیٹی کے سامنے کیوں نہیں پیش ہورہے؟ فرخ حبیب

4 سال سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے کیس کی اسکروٹنی چل رہی ہے، ہر اسکروٹنی کمیٹی کے اندر ان سے سوال ہوتا ہے کہ اکاﺅنٹس میں پیسہ کیسے آیا؟. حکمران جماعت کے راہنما کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 28 جنوری 2021 17:00

بلاول بھٹو اور مریم الیکشن کمیشن کی اسکرونٹی کمیٹی کے سامنے کیوں نہیں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 جنوری ۔2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے راہنما و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی میں بلاول بھٹو زرداری اور مریم صفدر پیش نہیں ہو رہے. اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر آخر کہاں چھپ کر بیٹھی ہوئی ہیں؟ وہ جھوٹوں کے ساتھ لاہور پریس کانفرنس کرنے چلی جاتی ہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم صفدر اور بلاول بھٹو کو الیکشن کمیشن آکر بتانا چاہیئے کہ یہ ہیں وہ ذرائع، اسکروٹنی کمیٹی نے بینکوں سے بھی ریکارڈ منگوا لیا ہے، یہ لوگ ہمیشہ بڑے بڑے دعوے کر کے بھاگ جاتے ہیں، بلاول اور مریم صفدر الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی میں ضرور آئیں. فرخ حبیب نے کہا کہ بے نظیر شہید نے اپنی کتاب میں نواز شریف کی فارن فنڈنگ کا لکھا ہے انہوں نے لکھا کہ نواز شریف نے فارن فنڈنگ کی بنیاد رکھی، بے نظیر شہید نے یہ بھی لکھا ہے کہ نواز شریف نے ان کی حکومت گرانے کے لیے اسامہ بن لادن سے 10 ملین ڈالر لیئے تھے.

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی کیا بات ہے، چھوٹے میاں چھوٹے میاں، بڑے میاں سبحان اللّٰہ، الیکشن کمیشن سے گزارش ہے کہ حافظ حسین احمد اور مولانا شیرانی کو بھی بلا لیں. فرخ حبیب نے کہا کہ یہ ملک میں ایک گینگ ہے جو فارن فنڈنگ پر ملک میں اپنی مہم چلا رہا ہے، مافیاز نے بڑی محنت کر کے ملک کو کرپٹ کیا جس کے خلاف وزیرِ اعظم عمران خان جنگ لڑ رہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے تحت سب ادارے تھے لیکن انہیں پھر بھی 2 این ار او دینے پڑے، ہمیں ملکی اداروں کی تباہی کی صورت میں چیلنجز ملے، ملک کے اداروں کی تباہی جہاں ہمیں ملی وہیں ہمیں کرپشن کا بھی چیلنج ملا. انہوں نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی نے بینکوں کو بھی لکھا اور بینکوں کا ریکارڈ بھی یہاں پہنچ چکا ہے، اگلے اجلاس میں معلوم ہو گا کہ بینکوں میں کس طرح انہوں نے پیسہ رکھا تھا انہوں نے کہا کہ ہم ان کا پیچھا کریں گے اور ان کے اکاﺅنٹس کی اسکروٹنی کروائیں گے، یہ ہمیں فارن فنڈنگ میں گرانا چاہتے تھے لیکن ہم انہیں بے نقاب کریں گے.

فرخ حبیب نے کہا کہ 4 سال سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے کیس کی اسکروٹنی چل رہی ہے، ہر اسکروٹنی کمیٹی کے اندر ان سے سوال ہوتا ہے کہ اکاﺅنٹس میں پیسہ کیسے آیا؟.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات