سعودی خاتون ڈرائیور کو راستہ نہ دینے کی ویڈیووائرل ہو گئی

پولیس نے خاصی دیر تک خاتون ڈرائیور کو پریشان کرنے والی گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 28 جنوری 2021 17:39

سعودی خاتون ڈرائیور کو راستہ نہ دینے کی ویڈیووائرل ہو گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جنوری2021ء) سعودی عرب خاصا عرصہ تک ایک قدامت پرست ملک کے طور پر جانا جاتا رہا ہے۔ جہاں خواتین کو گھر کی چار دیواری تک ہی محدود رکھا گیا۔ یہاں تک کہ ان کے ڈرائیونگ کرنے پر بھی چالیس سال تک پابندی عائد رہی۔ تاہم سعودی فرمانرواشہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ان کے صاحبزادے اور مملکت کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کو ایک اعتدال پسند ریاست بنانے اور معاشی ترقی کو بڑھانے کے لیے اہم اصلاحات کا اعلان کیا ۔

جن میں ایک اصلاح کے تحت سعودی خواتین پر سے جون 2018ء میں ڈرائیونگ پر سے پابندی ہٹا لی گئی ہے جس کے بعد اب سعودی مملکت میں لاکھوں خواتین گاڑیاں چلاتی دکھائی دیتی ہیں۔ تاہم ابھی تک بہت سے لوگ سعودی خواتین کی ڈرائیونگ کو اچھا نہیں سمجھتے اور انہیں سڑکوں پر ہراساں کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسا ہی ایک تازہ ترین واقعہ سعودیہ کے شہر جدہ میں بھی پیش آیا ہے جہاں ایک سعودی خاتون ڈرائیورکو آگے جانے والی گاڑی کے ڈرائیور نے مسلسل پریشان کیے رکھا اور خاصی دیر تک اسے آگے گزرنے کے لیے راستہ نہ دیا۔

خاتون نے پریشان ہو کر اس واقعے کی ویڈیو بنا لی۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سعودی خاتون ڈرائیور جدہ کے رائل ٹرمنل سے جوہرہ سٹیڈیم کی جانب گاڑی ڈرائیو کر رہی ہے، مگر آگے والی گاڑی کا ڈرائیور اسے راستہ نہیں دے رہا۔ خاتون نے اس ویڈیو میں بتایا ہے کہ اس گاڑی کا ڈرائیور اسے مسلسل تنگ کر رہا ہے اور اوور ٹیک نہیں کرنے دے رہا۔ اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردِ عمل ظاہر کیا گیا۔

ٹویٹر پر ویڈیووائرل ہونے کے بعد محکمہ ٹریفک نے خاتون کو پریشان کرنے والے ڈرائیور کوشناخت کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے اور کے خلاف ٹریفک قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ خاتون کی جانب سے سوشل میڈیا صارفین اور محکمہ ٹریفک کی جانب سے اس کی حمایت اور متعلقہ کارروائی پر شکریہ ادا کیا گیا ہے۔