اوگرا نے سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی

گیس کی قیمتوں میں 39 روپے89 پیسہ فی ایم ایم بی ٹی یواضافے کی منظوری دی گئی، قیمت بڑھانے کا اطلاق حکومت کے نوٹیفکیشن بعد ہوگا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 28 جنوری 2021 20:12

اوگرا نے سوئی  گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جنوری 2021ء) اوگرا نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے گیس کےاوسط ٹیرف میں اضافہ کردیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے ۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی درخواست پر اوگرا نے قیمتوں میں اضافے کی اجازت دی ۔ اوگرا نے سوئی گیس کی قیمتوں میں 39روپے89پیسافی ایم ایم بی ٹی یواضافے کی منظوری دی ہے ۔

اوگرا کے مطابق سندھ بلوچستان کےصارفین کیلئےگیس کی قیمتوں میں اضافےکی منظوری دی گئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ اوگرانےسوئی سدرن گیس کمپنی کے گیس کےاوسط ٹیرف میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ اوگرا کی جانب سے بڑھائی گئی قیمتوں کااطلاق وفاقی حکومت کےنوٹیفکیشن جاری کیےجانےکےبعد کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کو 22 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس فراہم کرنے کی سمری منظور کرلی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ میں سندھ میں گیس کی کمی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران سوئی سدرن گیس کمپنی نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا ہے۔عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہاہے کہ گیس کی کمی کا مسئلہ قدرتی ہے، سردیوں میں پیداوار کم اور گیس کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی نے اپنے جواب میں کہاکہ ایک ہی لائن میں ڈومیسٹک، کمرشل، صنعت اور سی این جی کنیکشنز ہیں، کسی ایک سیکشن کی گیس کی فراہمی بند نہیں کر سکتے۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس امجد سہتو نے ایس ایس جی سی کے وکیل سے سوال کیا کہ آپ ایل این جی کیوں نہیں منگواتے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے وکیل نے جواب دیا کہ ایل این جی کا بھی استعمال ہو رہا ہے، ایل این جی کا یونٹ 3 ہزار کا ہے اور ہم اسے 200 روپے میں صارف کو دے رہے ہیں۔درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سندھ 68 فیصد گیس کی پیداوار دے رہا ہے، اس لیے گیس پر پہلا حق سندھ کا ہے۔عدالتِ نے ایس ایس جی سی کے جواب پر درخواست گزار سے جواب الجواب طلب کر لیا اور مزید سماعت 16 فروری تک ملتوی کر دی۔