رینجرز اور پولیس کی کارروائی، لیاری گینگ وار کا دہشت گرد گرفتار

کراچی آپریشن کے دوران ملزم 2016ء میں بیرون ملک فرار ہوگیا تھا ، جس کے خلاف قتل ، اقدام قتل، بھتہ خوری، جلاؤ گھیراؤ، اغوا برائے تاوان اور دیگر مقدمات ہیں ، ترجمان رینجرز

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 جنوری 2021 10:21

رینجرز اور پولیس کی کارروائی، لیاری گینگ وار کا دہشت گرد گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری2021ء) کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کا دہشت گرد گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس کی جانب سے مشترکہ کارروائی شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں عمل میں لائی گئی ، جس کے نتیجے میں لیاری گینگ وار کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان رینجرز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی آپریشن کےدوران ملزم 2016ء میں بیرون ملک فرار ہوگیا تھا ، ملزم کے خلاف قتل ، اقدام قتل، بھتہ خوری، جلاؤ گھیراؤ، اغوا برائے تاوان اور دیگر مقدمات ہیں۔

ایک روز قبل بھی کراچی میں انسداد دہشت گردی کے محکمہ سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گرد گرفتار کرلیے تھے ، تفصیلات کے مطابق ایس ڈی پی او درخشاں اور ایس ایچ او ڈیفنس کی سربراہی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، دہشت گردوں کی گرفتاری کومبنگ آپریشن کے دوران قیوم آباد ڈی ایریا سے کی گئی ، ملزمان کے قبضے سے 2 دستی بم ، ایک ایوان بم اور راؤنڈز سمیت 3 پستول برآمد کئے گئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ دہشت گردوں کی گرفتاری ٹیرر فنانسنگ کیس کی تفتیش کے دوران عمل میں آئی ، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے ہے ، جب کہ گرفتار دہشت گرد انٹرنیشنل ایجنسیز کوبھی مطلوب ہیں ، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جائے گی جس کی روشنی میں ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لئے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں۔ قبل ازیں متحدہ قومی موومنٹ لندن کے مطلوب اشتہاری دہشت گرد فہیم جاوید عرف ’انقلابی‘ کو گرفتار کر لیا گیا ، جو کہ 7 افراد کے قتل میں ملوث ہے ، اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے اس سلسلے میں کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک ٹارگٹڈ کارروائی کی ، جس میں ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر فہیم جاوید عرف انقلابی کو گرفتار کیا گیا ، جس پر الزام ہے کہ ملزم انقلابی کی طرف سے یہ تمام وارداتیں اپنے ساتھیوں ظفر عرف فیصل مینڈک اور ارشد عرف چھوٹا اسد کے ساتھ مل کر کی گئیں۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی آپریشن 2 عارف عزیز کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزم نے تفتیش کے دوران کراچی کے علاقوں لانڈھی ، کورنگی اور زمان ٹاؤن میں اغواء کے بعد لوگوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ، فہیم جاوید عرف انقلابی نے قتل کی یہ تمام وارداتیں 2012ء میں کرنے کا انکشاف کیا ، ملزم نے محبت خان اور سمیع اللہ نامی شخص کو اغواء کیا ، جس کے بعد اپنے ساتھیوں ظفر عرف فیصل مینڈک اور عابد کے ساتھ مل کر انہیں قتل بھی کردیا۔