اب سرکاری اراضی پر کھوکھر،جاتی امرا ء پیلس نہیں بلکہ غریبوں کے گھر بنیں گے‘ ڈاکٹر شہباز گل

سارے چور اکٹھے ہوچکے ہیں، یہ اگلے تین سال بھی چیختے نظر آئیں گے، عمران خان کہہ کر آئے تھے ان سے ہاتھ نہیں ملائیں گے ہمارا ملک ہو یا کوئی او رملک ہو میر صادق اور میر جعفر تو ہر جگہ ہوتے ہیں،ایاز صادق تو ہوتے ہیں ‘ معاون خصوصی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 30 جنوری 2021 16:44

اب سرکاری اراضی پر کھوکھر،جاتی امرا ء پیلس نہیں بلکہ غریبوں کے گھر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2021ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اب سرکاری اراضی پر کھوکھراور جاتی امرا ء پیلس نہیں بلکہ غریبوں کے گھر بنیں گے، سارے چور اکٹھے ہوچکے ہیں، یہ اگلے تین سال بھی چیختے نظر آئیں گے، عمران خان کہہ کر آئے تھے کہ ان سے ہاتھ نہیں ملائیں گے، عمران خان چھ دہائیوں میں پہلا لیڈر ہے جو سمجھوتہ نہیں کرے گا ۔

عدالت میں پیشی کے بعد ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری 60 دن کی زندگی گیدڑ کی 100 سالہ زندگی سے بہتر ہے ،مریم صفدر نے کہا سیف الملوک پارٹی کا اثاثہ ہیں، انہوں نے بالکل درست کہا ہے کیونکہ مریم صفدر جس باپ کی بیٹی ہیں ان کا سرمایہ چور، ڈاکو اور قبضہ مافیا ہی ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کھوکھر برادران کے پاس 45کنال سرکاری اراضی تھی جبکہ 150کنال دوسرے لوگوں کی اراضی پر قبضہ کیا ہوا تھا،حکومت نے سوا ارب روپے کی اراضی وا گزار کرائی ہے ،اس سرکاری اراضی پر غریبوں کے گھر بناکر دکھائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بینکوں کو ہدایت کی ملازمین اور چھوٹا کاروبار کرنے والوں کو آسان شرائط او رکم شرح سود پر قرضے دیں ۔ تنخواہ دار اور چھوٹا کاروبار کرنے والا کبھی قرضہ چوری نہیں کرتا ، قرضہ چوری ہمیشہ بڑی گردن والا کرتا ہے ۔ اب کھوکھر پیلس او رجاتی امراء پیلس نہیں بنیں گے بلکہ اب غریب کے گھر بنیں گے جس کا وعدہ کر کے خان آیا ہے ، فرق صرف یہ ہے کہ وعدے سارے کرتے تھے لیکن کھڑا میدان میں صرف عمران خان ہی ہے ۔

ہمارا سب سے بڑا وعدہ یہ تھاکہ ان چوروں سے ہاتھ نہیں ملائیں گے ،تھانہ، کچہری نئی بات نہیں، مقدمات کا سامنا کریں گے،ہماری حکومت کے ہوتے ہوئے ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں،یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان نے سمجھوتہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کمپنی او رملک کا نام نہیں لوں گا لیکن ہر ملک میں حسین حقانی تو ہوتے ہیں ،ہمارا ملک ہو یا کوئی او رملک ہو میر صادق اور میر جعفر تو ہر جگہ ہوتے ہیں،ایاز صادق تو ہوتے ہیں ۔

اس کمپنی نے کرائے پر بسیں چلائیں جو شریفوں نے انہیں کرائے پر دیں، آٹھ سالوں میں3 اعشاریہ 80ڈالر فی کلو میٹر کرایہ وصول کیا گیا ،اس کے بعد عمران خان کی حکومت آئی اور دوبارہ ری ویلیو ہوااسی کمپنی نے اسی لاہورمیں اسی سڑک پر 1 اعشاریہ 86ڈالر فی کلو پر بسیں چلائیں ،اوپر کا1اعشاریہ 94ڈالر فی کلو میٹر آپ کے باپ کے پاس جاتا تھا ، اگر اس وقت منافع تھا تو آج گھاٹا کیوں کھا رہے ہو ، آج کیوں گھاٹے پر چلا رہے ہو کیونکہ اب عمران خان آ گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور چور ملائی کھا کر چھپ کر لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں وہ بھی بچانے کے لئے یہاں پر نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جٹ کے لئے کچہری ، مقدمے اور تھانے کوئی نئی بات نہیں ،جتنے مقدمات کرو گے اتنی میری آواز میں اضافہ ہوگا، آپ میری مدد کر رہے ہیں میری تربیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی زر خیر زمین ساہیوال پر کوئلے کا پلانٹ لگایا گیا ، پوری دنیا میں کوئلے کے پلانٹ بند کر دئیے گئے ہیں کیونکہ اس کادھواں مضر صحت ہے ، شنگھائی میں2020تمام کوئلے پلانٹ بند ہو گئے ہیں ، مغرب میں پہلے ہی بند ہو چکے ہیں۔

اگر دنیا میں کوئی کا پلانٹ ہے تو وہ براہ راست کوئلے کو جلا کر بجلی پیدا نہیں کرتے بلکہ گیسیفکیشن کرتے ہیں پھر بجلی پیدا ہو تی ہے ،اس پلانٹ پر روزانہ 18ہزا رٹن کوئلہ جلتا ہے اور یہ درآمد کیا جاتا ہے ، یہ وہ کوئلہ نہیں جو دونوں بھائی چنیوٹ گئے تھے اور لوہے کو پکڑ کر کہاتھاکہ سونا نکل آیا تھا ، یہ تو ایسے ہیں کہ لوہے کو ہاتھ لگائیں تو اسے زنگ لگ جاتا ہے ، سونے کو ہاتھ لگائو وہ لوہا بن جاتا ہے ،آپ کی قسمت اپنی لئے تو اچھی ہے لیکن عوام کے بری ہے ۔