Live Updates

پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کے لیے کمر کس لی : خصوصی رپورٹ

حفیظ شیخ ، ثانیہ نشتر ، معید یوسف ، شہزاد اکبر ، ندیم بابر اور عمر چیمہ بھی شامل

zeeshan aziz سید ذیشان عزیز بدھ 3 فروری 2021 15:18

پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کے لیے کمر کس لی : خصوصی رپورٹ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 فروری 2021ء)  پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کے لیے کمر کس لی ، سینیٹ انتخابات کے پیش نظر حکومتی جماعت نے تیاریوں کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب سے اپنے سینیٹرز کے نام فائنل کر لیے ہیں ۔ سینیٹ انتخابات کے لیے فائنل کیے جانے والے ناموں میں حفیظ شیخ ، ثانیہ نشتر شامل ہیں جو سندھ سے الیکشن لڑیں گے۔

دیگر ناموں میں رزاق داؤد ، شہزاد اکبر ، ندیم بابر ، عمر چیمہ ، اعجاز چوہدری ، معید یوسف ، تابش گوہر ، ارباب بابر اور ڈاکڑ فیصل شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعجاز شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سینیٹ کے الیکشن میں پیسے لگنا شروع ہوگئے، انتخابات کے بعد ہر چیز ٹھیک ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے ایوان بالا کے الیکشن میں اوپن بیلٹ ہو۔

تاریخ گواہ رہے گی سینیٹ الیکشن میں کون دھاندلی چاہتا ہے۔ جبکہ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان بھی کہہ چکے ہیں کہ سینیٹ الیکشن میں ریٹ لگنے لگا ہے اور میں جانتا ہوں کہ کونسا لیڈر پیسے لگا رہا ہے۔ انہوں نے ساہیوال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ گذشتہ سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین خیبرپختونخواہ اسمبلی کو مخصوص اُمیدواروں کی حمایت کرنے کے لیے 50 ، 50 ملین ادا کیے گئے تھے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سینیٹ انتخابات میں نوجوان رہنماؤں کو ٹکٹ دینے اور ایوان بالا میں نوجوان رہنماؤں کی نمائندگی کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا تھا جبکہ سینیٹ الیکشن میں سابق کرکٹر وسیم اکرم کو بھی ٹکٹ دئے جانے کا امکان تھا ، لیکن پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے اُمیدواروں کی ممکنہ فہرست سامنے آنے پر ایک طرف جہاں نوجوانوں کو موقع دینے کا امکان معدوم ہو گیا ہے وہیں دوسری جانب وسیم اکرم پر اُٹھائے جانے والے ممکنہ سوالات کے پیش نظر انہیں بھی سینیٹ انتخابات کا ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا جس کی بڑی وجہ ان کی خلاف جسٹس قیوم کی رپورٹ خیال کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات کے پیش نظر دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی سینیٹ اُمیدواروں کو شارٹ لسٹ کیے جانے کا سلسہ جاری ہے۔ 
ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات میں ٹکٹ کے لیے پرویز رشید، پروفیسر ساجد میر اور راجہ ظفر الحق کا نام شارٹ لسٹ کیا گیا جبکہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور سابق گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بھی سینیٹ کی ٹکٹ ملنے کی اُمید لگا رکھی ہے۔

خواتین کی نشست پر مسلم لیگ ن کی رہنما عائشہ رضا دوبارہ ایوان بالا میں جانے کے لیے کوشش کر رہی ہیں۔ تاہم پارٹی کی جانب سے سینیٹ کا ٹکٹ کس کو ملے گا اس حوالے سے حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی سینیٹ انتخابات کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اس ضمن میں قیادت کے صلاح و مشورے جاری ہیں۔ذارئع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کچھ ریٹائرڈ سینیٹرز کو دوبارہ سینیٹ انتخابات میں اتارنے پر غور کر رہی ہے، شیری رحمان، فاروق ایچ نائک اور سلیم مانڈوی والا کو سینیٹ انتخابات لڑوانے کا امکان ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات