سندھ میں26 سال تک اقتدار میں رہنے والی ایم کیو ایم بے شرمی کے ساتھ کن حقوق کا نعرہ لگاتی ہے، شاہ محمد اویس نورانی

منگل 9 فروری 2021 23:38

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 فروری2021ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ سندھ میں26 سال تک اقتدار میں رہنے والی ایم کیو ایم بے شرمی کے ساتھ کن حقوق کا نعرہ لگاتی ہے، اس نے مہاجروں اور سندھ کو کیا دیا ہے، جو بھی سندھ کو تقسیم کرے گا ہم اس کو کاٹ ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

ہٹڑی بائی پاس پر پی ڈی ایم کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ جب ایم کیو ایم کی طرف سے سندھ کی تقسیم کا نعرہ لگایا گیا تو بلاول بھٹو زرداری نے جواب دیا تھا کہ مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں لیکن میں اس سے آگے کہتا ہوں کہ جو سندھ کو تقسیم کرے گا ہم اس کو کاٹ کر رکھ دیں گے، انہوں نے کہا کہ 44 ارکان سندھ اسمبلی 17 ایم این اے 7 سینیٹرز اور ایک سابق گورنر کے ساتھ اقتدار میں رہنے والی ایم کیو ایم بے شرمی کے ساتھ کن حقوق کی بھیک مانگ رہی ہے، 26 سال حکومتوں میں رہنے کے دوران تم نے سندھ کے عوام کو کیا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی حیدرآباد سمیت صوبے میں رہنے والے ایم کیو ایم کے لیڈر اور لوگ ہم سے بڑے مہاجر اور اردو بولنے والے نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مہاجروں سے قلم چھین کر ان کے ہاتھ میں کلاشنکوف دی، الطاف حسین اور ایم کیو ایم قومی مجرم ہیں، انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت موٹروے سمیت سندھ کے پہلے سے بنے ہوئے بڑے قومی پروجیکٹ بھی گروی رکھ کر ادھر سے ادھر سے قرضے لینے کی بھرمار کئے ہوئے ہے، ملک و قوم کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل رہے لیں اور اس نے بنی گالہ محل 12 لاکھ روپے میں ریگولر کرا لیا، انہوں نے کہا کہ ایک شکایت مجھ سے کی گئی ہے کہ میں نے حکمران کو نشئی کہا ہے حالانکہ میں نے ایسا نہیں کہا حالات نے اسے نشئی بنا دیا ہے، اس سے ملک معیشت ملک کے مسائل کے بارے میں سوال کرو تو اس کے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا، شاہ اویس نورانی نے کہا کہ عمران خان سے ٹیلی وژن انٹرویو میں سوال کیا گیا تھا کہ آٹا مافیا اور چینی مافیا کا کیا ہو گا تو اس کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، اس کو کیا پتہ کہ یہ کتنے کلو بک رہے ہیں، اس پر میں نے مشورہ دیا تھا کہ اس سے سوال کرو بیئر چرس بھنگ کی قیمت پوچھو تو یہ سب کا جواب دے گا، اس کو ملک کے معاشی نظام کا کیا پتہ، شاہ اویس نورانی نے کہا کہ سارے مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ اس ملک میں آئین کی حکمرانی ہو، 26 مارچ کو پاکستان کے ہر علاقے سے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے کیا سندھ والے اس کے لئے تیار ہیں، ان شاء اللہ لاکھوں لوگ اسلام آباد میں جمع ہوں گے اور اس ظالم اور نااہل حکمران کو تخت سے اتار پھینکیں گے، انہوں نے کہا کہ بجلی گیس پیٹرول سمیت مہنگائی کا جو بدترین بوجھ عوام پر کرپٹ نااہل حکمرانوں نے ڈالا ہے اس کا پورا پورا حساب لیا جائے گا، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پی ڈی ایم کی جدوجہد میں کندھے سے کندھا ملا کر چلیں تاکہ پاکستان میں آئین اور جمہوریت کی حقیقی بالادستی قائم ہو سکی