پہلے وزیراعظم اور محمود خان عاطف خان کا نام سننے کو تیارنہیں تھے

ضرورت پڑی تو محمود خان بھی قدموں میں گرپڑے اور عمران خان بھی منت ترلہ کرنے لگے۔ صحافی سلیم صافی کا عمران خان پر طنز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 فروری 2021 16:51

پہلے وزیراعظم اور محمود خان عاطف خان کا نام سننے کو تیارنہیں تھے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 فروری 2021ء) : وزیراعظم عمران خان سے سابق وزیر عاطف خان کی ملاقات ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے خیبرپختونخوا کے سابق وزیر عاطف خان نے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، گورنر شاہ سلمان بھی موجود تھے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، گورنر شاہ سلمان اور عاطف خان میں صلح کروائی جس کے بعد عمران خان نے عاطف خان کو کابینہ میں واپسی کا عندیہ دے دیا۔

جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عاطف خان کو جلد ہی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود علی خان اور سابق وزیر عاطف خان کے مابین صلح کروائے جانے کے معاملے پر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے موجودہ حکومت پر تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

(جاری ہے)

سلیم صافی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزارت سے فارغ کرنے کے دن سے لے کرآج تک وزیراعظم اور محمود خان عاطف خان کا نام سننے کو تیارنہیں تھے۔

اب سینیٹ کی ضرورت پڑی تو محمود خان بھی قدموں میں گرپڑے اور عمران خان بھی منت ترلہ کرنےلگے۔ پھر بھی کہتے پھرتے ہیں کہ وہ دباؤ قبول نہیں کرتے۔ اجمل وزیر ایم پی اے ہوتے تو آج وہ بحال ہوجاتے۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے مبینہ طور پر صوبے کے وزیر اعلٰی محمود خان کے خلاف گروپنگ کرنے کے جُرم میں تین صوبائی وزرا کو کابینہ سے برطرف کر دیا تھا ، برطرف کیے جانے والے وزرا میں سینیئر صوبائی وزیر برائے کھیل اور ثقافت محمد عاطف خان، وزیر صحت شہرام خان ترکئی اور وزیر برائے محصولات شکیل احمد شامل تھے۔